پارٹی آئین میں تبدیلی کیلئے تحریک انصاف کے کارکنان سے تجاویز طلب

اپ ڈیٹ 29 نومبر 2018
آئین میں ترمیم کے لیے خصوصی کمیٹی بنائی گئی ہے—فوٹو: ڈان نیوز
آئین میں ترمیم کے لیے خصوصی کمیٹی بنائی گئی ہے—فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، جو پہلے ہی تنظیم نو کے مرحلے سے گزر رہی ہے، نے پارٹی آئین میں تبدیلی سے متعلق اراکین سے تجاویز لینے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پارٹی کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ کے باضابطہ اعلان کے مطابق اس بات کا فیصلہ پی ٹی آئی کے نو منتخب سیکریٹری جنرل ارشد داد کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف کی حکومت کے پہلے 100 روز میں عوام کیلئے ریلیف نہیں

اجلاس میں پی ٹی آئی کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری اعجاز چوہدری، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، سینٹرل ڈپٹی سیکریٹری جنرل اعزاز آصف، سینئر رہنما سیف اللہ نیازی، عمر سرفراز چیمہ، حلیم عادل شیخ اور سینیٹر سیمی ایزدی بھی شریک تھی۔

اجلاس کے بعد جاری بیان میں پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ’تنظیم نو سے پہلے پارٹی آئین کا جائزہ لینا ضروری ہے‘۔

ارشد داد نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی کی تنظیم نو اور اس کے آئین کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی بنائی دی ہے اور ان میں وہ لوگ بھی شامل کیے گئے ہیں جنہوں نے پارٹی کے موجودہ آئین کے مسودے میں کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’پورے ملک سے کارکنان کی جانب سے آنے والی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا اور ہم چاہتے ہیں کہ پارٹی آئین کا جائزہ لینے کا عمل مکمل باہمی مشاورت سے ہو‘۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی اپنی بنیادوں کو مضبوط کرکے ایک مثالی قومی اثاثہ بنے گی۔

واضح رہے کہ یہ کمیٹی 4 روز تک ملاقات کرے گی اور پارٹی کے آئین میں ترامیم کے لیے تجاویز ملاقات کے اختتام پر تیار کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کا 6 نکاتی ایجنڈے کا اعلان

پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی کی تنظیم نو کے عمل کا آغاز 6 نومبر کو 21 رکنی کمیٹی کے قیام کے ساتھ ہوا تھا تاکہ کمیٹی پارٹی کے آئین کا جائزہ اور مختلف تنظیمی عہدوں کے لیے خواہش مند افراد سے درخواست لے سکے۔

پارٹی کی جانب سے پہلے ہی اپنی مرضی کے پارٹی دفاتر اور عہدوں کے لیے خواہش مندوں سے تحریری درخواست طلب کی جاچکی ہے جبکہ ان افراد سے اپنی درخواست میں تعلیمی دستاویزات اور پارٹی کے لیے خدمات کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔

اس سے قبل ارشد داد نے کہا تھا کہ پارٹی چاہتی ہے کہ نیا خون تحریک انصاف کا حصہ بنے اور عمران خان کے نظریے کی روشنی میں پارٹی کو ایک مثالی جماعت بنائے۔

تبصرے (0) بند ہیں