ایمرجنگ ایشیا کپ: پاکستان نے یو اے ای کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

اپ ڈیٹ 08 دسمبر 2018
حسین طلعت نے 116 رنز کی شاندار اننگز کھیلی — فوٹو: ٹوئٹر
حسین طلعت نے 116 رنز کی شاندار اننگز کھیلی — فوٹو: ٹوئٹر

کراچی: پاکستان نے انڈر 23 ایشین کرکٹ کونسل ایمرجنگ ٹیمز کپ میں متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

متحدہ عرب امارات کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان روحان مصطفیٰ تھے، جو 63 کے مجموعے پر25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

غلام شبیر 103 کے مجموعی اسکور پر عاشق علی کا شکار ہوئے اور 29 گیندوں پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

مزید پڑھیں : ایمرجنگ کپ: پاکستان، ہانگ کانگ کے خلاف 225 رنز سے فتح یاب

اوپنرز کی پویلین واپسی کے بعد اشفاق احمد اور رمیز شہزاد نے اسکور کو آگے بڑھایا لیکن وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کے باعث یو اے ای کے 7 کھلاڑی 200 کے مجموعے سے قبل ہی آؤٹ ہوچکے تھے۔

اشفاق احمد ٹیم کے سب سے زیادہ کامیاب بلے باز تھے جنہوں نے 69 رنز بنائے، دیگر کھلاڑیوں میں رمیز شہزاد 8، شائمان انور 27، محمد بوٹا 8، عامر حیات 9، احمد رضا 11 اور عمران حیدر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔

متحدہ عرب امارات نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے عاشق علی نے 3، خوشدل شاہ نے 2 جبکہ محمد الیاس، حسین طلعت اور محمد الیاس نے ایک، ایک وکٹ کی۔

پاکستانی ٹیم نے 234 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو محض 8 رنز کے مجموعے پر ہی اس کی پہلی وکٹ گر گئی اور علی عمران 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

تاہم اس کے بعد پاکستان کی کوئی وکٹ نہ گری اور صاحبزادہ فرحان اور حسین طلعت نے 39 اوورز میں ہی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

یہ بھی پڑھیں : جنوبی افریقہ سے ٹیسٹ سیریز، عامر کی پاکستانی اسکواڈ میں واپسی

صاحبزادہ فرحان نے لگاتار دوسرے میچ میں سنچری اسکور کی، وہ 120 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 104 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

حسین طلعت نے سیریز میں اپنی پہلی سنچری بناتے ہوئے 2 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 109 گیندوں پر 116 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے واحد وکٹ احمد رضا نے لی۔

شاندار بلے بازی پر حسین طلعت کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 225 رنز سے شکست دی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں