سنچورین ٹیسٹ: پاکستان کے پاس تاریخ رقم کرنے کا نادر موقع

28 دسمبر 2018
پاکستان ہدف کا دفاع کر کے نئی تاریخ رقم کر سکتی ہے— فوٹو: اے ایف پی
پاکستان ہدف کا دفاع کر کے نئی تاریخ رقم کر سکتی ہے— فوٹو: اے ایف پی

پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں بھی ناکامی سے دوچار ہوئی لیکن قومی ٹیم پہلے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم کو شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر سکتی ہے۔

سنچورین میں جاری سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف دوسری اننگز میں بھی ناکامی سے دوچار ہوئی اور صرف 190رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 42رنز کی برتری حاصل کی تھی جس کے سبب پاکستان نے میزبان ٹیم کو میچ میں فتح کے لیے 149رنز کا ہدف دیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی بیٹنگ پھر ناکام، جنوبی افریقہ کو فتح کیلئے 149رنز کا ہدف

اگر پاکستانی ٹیم ایک آسان ہدف کا تعاقب کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم کو آؤٹ کر کے میچ میں شکست دینے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو وہ 100سال پرانا ریکارڈ توڑتے ہوئے نئی تاریخ رقم کر سکتی ہے۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم 150 یا اس سے کم رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے گزشتہ 100 سال سے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں ہاری لیکن پاکستانی ٹیم میچ میں فتح حاصل کر کے پروٹیز کو اس اعزاز سے محروم کر سکتی ہے۔

سرفراز کی ناکامی

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز کی ناکامیوں کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا اور جنوبی افریقہ کی وکٹوں پر بھی ان کا ابتر بیٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

سرفراز میچ کی پہلی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ دوسری اننگز میں بھی بدقسممتی نے ان کا ساتھ نہ چھوڑا اور ایک غیر ضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ کھاتا کھولے بغیر ہی وکٹوں کے عقب میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے ساتھ ہی سرفراز احمد نے میچ میں ’صفر کا پیئر‘ حاصل کیا اور یہ بدترین ریکارڈ اپنے نام کرنے والے پاکستان کے چوتھے کپتان بن گئے۔

سرفراز سے قبل پاکستان کے جو تین کپتان ٹیسٹ میچ میں پیئر کا شکار ہوئے ان میں امتیاز احمد، راشد لطیف اور وقار یونس شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں