’دی ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر‘ کو پاکستان میں ریلیز کی اجازت

16 جنوری 2019
فلم 18 جنوری کو پاکستانی سینما گھروں میں ریلیز ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
فلم 18 جنوری کو پاکستانی سینما گھروں میں ریلیز ہوگی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکار انوپم کھیر کی فلم ’دی ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر گزشتہ ہفتے بھارت میں ریلیز ہوئی تھی، تاہم اسے پاکستان میں اس وقت ریلیز نہیں کیا گیا۔

لیکن اب پاکستانی سنسر بورڈ نے فلم کو پاکستانی سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش ہونے کی اجازت دے دی ہے۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے سی بی ایف سی کے چیئرمین دانیال گیلانی نے اس خبر کی تصدیق کی۔

دانیال گیلانی کے مطابق فلم کو پاکستان میں ریلیز کی اجازت ملنے سے قبل اس میں چند مختصر تبدیلیاں کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق فلم کے پروڈیوسر نے پاکستان میں اس کی ریلیز پر اپنی خوشی کا اظہار بھی کیا۔

مزید پڑھیں: فلم کے ٹریلر سے بھارتی سیاست میں ہلچل

پروڈیوسر جیاتیلال گاڈا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’پین اسٹوڈیز کی یہ سیاست پر مبنی فلم پڑوسی ممالک میں ریلیز ہوگی، پاکستانی ناظرین بھی اس کا لطف اٹھا سکتے ہیں‘۔

اپنے بیان میں انہوں نے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے لیے کہا کہ ’عمران خان ایک بہادر کرکٹر ہیں، اب میں ان کی ایک وزیر اعظم ہونے کی حیثیت سے اور بھی زیادہ عزت کرتا ہوں، میں پاکستانی سنسر بورڈ کے چیئرمین کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے ہماری فلم کو پاکستان میں ریلیز کی اجازت دی‘۔

فلم ’دی ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر‘ سابق بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کے وزارت عظمیٰ کے دور پر مبنی ہے۔

فلم بھارت میں 11 جنوری کو نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔

انوپم کھیر کے ساتھ ساتھ اکشے کمار نے بھی فلم میں اہم کردار نبھایا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر‘ بننے پر انوپم کھیر کے خلاف مقدمہ درج

یاد رہے کہ چند روز قبل انوپم کھیر پر من موہن سنگھ کی شخصیت کو ’غلط انداز‘ میں پیش کرنے پر بہار سے تعلق رکھنے والے وکیل نے مقدمہ دائر کردیا تھا۔

اپنی دائر کردہ درخواست میں سدھیر اوجھا نے لکھا تھا کہ اس فلم میں من موہن سنگھ کے کردار نے انہیں اور کئی اور لوگوں کو تکلیف پہنچائی ہے۔

اپنی شکایت میں انہوں نے مزید کہا تھا کہ فلم کے دیگر اداکار جنہوں نے سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور پریانکا گاندھی وادرا کی شخصیات کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے اور انہوں نے فلم کے ہدایت کار اور پروڈیوسر کے خلاف بھی شکایت درج کروادی ہے۔

فلم ’دی ایکسیڈنٹل پرائم منسٹر‘ رواں ماہ 18 جنوری کو پاکستان میں ریلیز ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں