والدہ پر بنی فلم پربات کرتے وقت جھانوی کپور کو الفاظ نہ مل سکے

19 جنوری 2019
سری دیوی کی زندگی پر بنی فلم میں پریا پرکاش نے اداکارہ کا کردار ادا کیا ہے—فوٹو: ڈی این اے انڈیا
سری دیوی کی زندگی پر بنی فلم میں پریا پرکاش نے اداکارہ کا کردار ادا کیا ہے—فوٹو: ڈی این اے انڈیا

بولی وڈ اداکارہ سری دیوی گزشتہ برس فروری میں دبئی کے ایک ہوٹل میں نہانے کے دوران باتھ ٹب میں بے ہوش ہونے کے بعد ڈوب کر ہلاک ہوگئی تھیں۔

اگرچہ سری دیوی کے شوہر بونی کپور نے بھی اپنی اہلیہ کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم تاحال انہوں نے ان کی زندگی پر فلم بنانے پر کام کا آغاز نہیں کیا۔

لیکن ان سے قبل ہی ایک ملائلم فلم سازنے سری دیوی کی زندگی پر فلم بنا ڈالی، جس کا ٹریلر بھی گزشتہ ہفتے ریلیز کردیا گیا تھا۔

ملائلم فلم ساز پرشانت ممبولی کی فلم ’سری دیوی بنگلو‘ میں سری دیوی کا کردار اداکارہ پریا پرکاش وریئر نے ادا کیا ہے۔

اگرچہ فلم ساز اور اداکارہ نے یہ اعتراف نہیں کیا کہ انہوں نے سری دیوی کی زندگی پر ہی فلم بنائی ہے، تاہم فلم کے ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم سری دیوی کی زندگی پر ہی بنائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سری دیوی کی زندگی اور موت پر بنائی گئی فلم تنازع کا شکار

فلم کے 2 منٹ سے بھی کم دورانیے کے ٹریلر میں پریا پرکاش کوایک نوجوان اور خوبرو اداکارہ کے طور پر دکھایا گیا ہے، جو بظاہر پر تعیش زندگی گزارتی نظر آتی ہیں۔

جھانوی کپور کی والدہ سری دیوی فروری 2018 میں چل بسی تھیں—فوٹو: سری دیوی کپور انسٹاگرام
جھانوی کپور کی والدہ سری دیوی فروری 2018 میں چل بسی تھیں—فوٹو: سری دیوی کپور انسٹاگرام

اگرچہ ٹریلر سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ فلم کی کہانی آنجھانی اداکارہ سری دیوی کی زندگی سے ملتی جلتی ہے۔

ٹریلر میں پریا پرکاش سری دیوی نامی ایک خوبرو اداکارہ کا کردار ادا کرتے دکھائی دیتی ہیں، جو شراب نوشی اور سوئمنگ پول میں نہانے سمیت پرتعیش زندگی گزارتی نظر آتی ہیں۔   ساتھ ہی ٹریلر میں خوبرو اداکارہ کی زندگی میں کچھ چھپے مسائل کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

ٹریلر کے اختتام پر دکھایا گیا ہے کہ پرتعیش زندگی گزارنے والی خوبرو اداکارہ ایک باتھ ٹب میں بے ہوشی کی حالت میں گر جاتی ہیں۔

سری دیوی بنگلو میں سری دیوی کا کردار پریا پرکاش وریئر نے ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ
سری دیوی بنگلو میں سری دیوی کا کردار پریا پرکاش وریئر نے ادا کیا ہے—اسکرین شاٹ

دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ برس دبئی کے ایک ہوٹل میں باتھ ٹب میں نہانے کے دوران بے ہوشی کے بعد ڈوب کر ہلاک ہوجانے والی اداکارہ سری دیوی کی زندگی کی کہانی بھی اس فلم سے ملتی جلتی ہے۔

جہاں اس فلم کے ٹریلر کے آخر میں اداکارہ کو باتھ ٹب میں بے ہوش ہوتے دکھایا گیا ہے، ٹھیک اسی طرح فروری 2018 میں سری دیوی دبئی کے ہوٹل کے باتھ ٹب میں بے ہوش ہونے کے بعد ڈوبنے سے چل بسی تھیں۔

مزید پڑھیں: سری دیوی بنگلو آنجھانی سری دیوی کی زندگی کی فلم؟

فلم کا ٹریلر سامنے آنے کے بعد جہاں سری دیوی کے شوہر فلم ساز بونی کپور نے ’سری دیوی بنگلو’ کے ہدایت کار کو قانونی نوٹس بھجوایا، وہیں اب آنجھانی اداکارہ کی بیٹی نے بھی اس پر اپنا رد عمل دیا ہے۔

جھانوی کپور نے 2018 میں فلمی کیریئر شروع کیا—فوٹو: انسٹاگرام
جھانوی کپور نے 2018 میں فلمی کیریئر شروع کیا—فوٹو: انسٹاگرام

ڈی این اے انڈیا کے مطابق جھانوی کپور جب ایک تقریب کے بعد صحافیوں سے بات کرنے لگیں تو صحافیوں نے ان سے اپنی والدہ کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’سری دیوی بنگلو’ سے متعلق سوالات کیے۔

رپورٹ کے مطابق صحافیوں کی جانب سے سوالات کی بوچھاڑ کے بعد جھانوی کپور پریشان ہوگئیں اور ان سے کچھ بولا ہی نہیں گیا۔

دوسری جانب شوبز صحافی وائرل بھیانی نے اسی واقعے کی ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں جھانوی کپور کو مختصر لباس میں انتہائی خوش دیکھا جاسکتا ہے۔

تاہم جھانوی کپور کی خوشی اس وقت پریشانی میں بدل جاتی ہے، جب صحافی ان سے ’سری دیوی بنگلو’ فلم سے متعلق سوالات پوچھتے ہیں۔

بونی کپور نے فلم ساز کو نوٹس بھیج دیا—فوٹو: بولی وڈ لائف/اسکرین شاٹ/یوٹیوب
بونی کپور نے فلم ساز کو نوٹس بھیج دیا—فوٹو: بولی وڈ لائف/اسکرین شاٹ/یوٹیوب

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ جھانوی کپور کے پاس سوالوں کا جواب دینے کے لیے الفاظ نہیں ہوتے اور وہ گھبرائی نظر آتی ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جھانوی کپور کی پریشانی کے بعد ان کی میڈیا مینیجر درمیان میں آتی ہیں اور اداکارہ کو کوئی جواب دینے کے بجائے وہاں سے چلے جانے کو کہتی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں