کراچی: بااثر سیاسی خاندان کے دو بھائیوں نے ریسٹورنٹ منیجر کو گولی ماردی

اپ ڈیٹ 06 فروری 2019
ملزمان کا تعلق سندھ کے مشہور سیاسی ’راشدی خاندان‘ سے ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
ملزمان کا تعلق سندھ کے مشہور سیاسی ’راشدی خاندان‘ سے ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی: ملیر کنٹونمنٹ کے علاقے میں پیر کی رات سیاسی اثرو رسوخ کے حامل افراد نے ریسٹورنٹ منیجر کو گولی مار کر شدید زخمی کردیا۔

واقعے میں مبینہ طور پر ملوث دو بھائیوں کو مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملیر کنٹونمنٹ گیٹ نمبر 6 کے قریب ایم ایم عالم روڈ واقع ہاٹ اینڈ اسپائسی ریسٹورنٹ میں رات گیارہ بجے کے قریب جھگڑا ہوا.

مزید پڑھیں: ملکی سیاسی شخصیات جو 2018 میں دہشت گردی کا نشانہ بنیں

ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی نے کہا کہ تقریباً تین سے چار افراد کا ویٹر سے جھگڑا ہوا اور ریسٹورنٹ کے منیجر بشیر احمد پر گولی چلائی گئی جس سے وہ بری طرح زخمی ہو گئے۔

بشیر کو گولی چہرے پر لگی اور انہیں لیاقت نیشنل ہسپتال لے جایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے البتہ ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ڈی آئی جی ایسٹ نے بتایا کہ انہوں نے جائے واردات سے ایک سینڈل کی جوڑی، ایک گالف کیپ اور سید میر مصطفیٰ راشدی کے نام پر خریدی گئی ایک کالی کرولا گاڑی(ATT-799) بھی اپنے قبضے میں لے لی جس سے شراب کے دس خالی کین برآمد ہوئے جبکہ وقوعہ سے خون کے نمونے بھی لے لیے گئے۔

پولیس نے پاکستان پینل کوڈ کی دفع 34 اور 324 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔

سینئر افسر کا کہنا ہے کہ دو بھائیوں سید میر مصطفیٰ شاہ راشدی اور سید اطہر شاہ راشدی کے ساتھ ساتھ مزید دو افراد واقعے میں مبینہ طور پر ملوث ہیں اور دونوں بھائیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

عامر فاروقی نے کہا کہ ہم ریسٹورنٹ کے اندر کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ اصل میں ہوا کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ کے قریبی دوست پر اداکارہ کو شراب پلا کر ‘ریپ’ کا الزام

انہوں نے مزید بتایا کہ دونوں بھائی مبینہ طور پر شراب کے نشے میں تھے اور ان میں سے ایک نے منیجر پر گولی چلائی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتبہ افراد کا تعلق سندھ کے ایک بااثر سیاسی خاندان سے ہے لیکن ڈی آئی جی ایسٹ نے کہا کہ وہ اس بات کی تصدیق نہیں کر سکتے۔

البتہ باوثوق ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ ملزمان کا تعلق سندھ کے مشہور سیاسی ’راشدی خاندان‘ سے ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں