پی ایس ایل 4: یونائیٹڈ کا فاتحانہ آغاز، قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست

اپ ڈیٹ 15 فروری 2019
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی  — فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی — فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپیئن اسلام آبادیونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی اسپورٹس سٹی میں کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز کے اوپنرز فخر زمان اور سہیل اختر نے موقع کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیم کو برق رفتار 97 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

سہیل اختر 37 رنز بنانے کے بعد 97 پر کے مجموعی اسکور پر آوٹ ہوئے جبکہ فخر زمان 65 رنز بنانے کے بعد 129 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز اچھے آغاز کے باوجود بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 171 رنز ہی بناسکی۔

پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے اے بی ڈی ویلیئرز 17 گیندوں پر 24 رنز بنانے کے بعد وقاص مقصود کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، اس دوران انہوں نے فخر زمان کی مدد کی بدولت حسین طلعت کے ایک اوور میں 20رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 24 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد سمیع، شاداب خان، وقاص مقصود اور کیمرون ڈیلپورٹ ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے رونکی اور رضوان حسین نے اچھا آغاز فراہم کیا، تاہم راحت علی نے اننگز کے چھٹے اوور میں اوپنرز اور فلز سالٹ کو آؤٹ کرکے دفاعی چیمپیئن کے لیے خطے کی گھٹی بجادی۔

تاہم ایسے میں کیمرون ڈیلپورٹ اور حسین طلعت نے 55 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کا اسکور 104 رنز تک پہنچادیا تاہم بالترتیب 24 اور37 رنز بنانے کے بعد جب دونوں آؤٹ ہوئے تو فہیم اشرف اور آصف علی نے اپنے بلند و بالا چھکوں کی مدد سے لاہور قلندرز کی جیت خواب چکنا چور کردیا۔

فہیم اشرف اور آصف علی ناقابل شکست رہے اور انہوں نے بالترتیب 23 اور 36 رنز اسکور کیے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرکے ایونٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کرلی، فہیم اشرف کو آل راؤنڈ کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

واضح رہے کہ محمد حفیظ لاہور قلندرز کی کپتانی کر رہے تھے، جبکہ اے بی ڈویلیئرز، اینٹن ڈیوسچ، سہیل اختر، فخر زمان، برینڈن ٹیلر، کارلوس بریتھ ویٹ، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور راحت علی ٹیم میں شامل تھے۔

دفاعی چیمپیئن کی کپتانی محمد سمیع کے پاس تھی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں لیوک رونکی، شاداب خان، فل سالٹ، کیمرون ڈیلپورٹ، آصف علی، حسین طلعت، رضوان حسین، سمت پٹیل، فہیم اشرف اور وقاص مقصود شامل تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں