**اسلام آباد: اسپین کے مشہور فٹ بال کلب ریال میڈرڈ اور انگلش کلب چیلسی کے سابق فرانسیسی اسٹار کھلاڑی نیکولس انیلکا نے کہا ہے کہ اگر پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کو ان کی ضرورت پڑی تو وہ بار بار پاکستان آنے کے لیے تیار ہیں۔

نیکولس انیلکا آج اسلام آباد پہنچے جہاں انہوں نے پی ایف ایف کے صدر سید اشفاق شاہ سے ملاقات کی اور اس دوران پاکستان میں فٹ بال کی بہتری کے حوالے سے 20 نکاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی دارالحکومت میں پی ایف ایف کے صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہمیں فیڈریشن سے بات کرنی ہے، تاہم اگر وہ ہمیں دوبارہ پاکستان آنے کے لیے کہیں گے ہم ضرور یہاں آئیں گے، ہم بغیر کسی رکاوٹ کے بار بار یہاں آتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے 20 سال تک فٹبال کھیلی، تاہم اب وقت آگیا ہے کہ میں فٹبال کی دنیا میں قدم رکھنے کے خواہشمند بچوں کو سکھاؤں۔

اس موقع پر پی ایف ایف کے صدر سید اشفاق شاہ نے کاکا، لوئس فیگو اور نیکولس انیلکا کو پاکستان لانے والے گروپ ٹی ایس جی پر زور دیا کہ پاکستان میں فٹبال کی فروغ کے لیے کوششیں مزید تیز کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ٹی ایس جی گروپ کو کہا ہے کہ پاکستان میں کھلاڑیوں کو لانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے، کیونکہ اگر ان کے پاکستان آنے کے درمیان میں وقفہ آجائے گا تو یہاں پی ایف ایف کے لیے کام کرنا مشکل ہوجائے گا۔

پی ایف ایف کے صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ فیڈریشن یہاں گزشتہ 2 ماہ سے کام کر رہی ہے، اور امید ہے کہ ہم بہت جلد پاکستان اور ملک میں فٹبال کے مفاد میں کوئی اقدام اٹھالیں گے، یہی ہمارا مقصد ہے اور ملک میں یہ کھیل بڑھے گا۔

ٹی ایس جی گروپ کےچیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) احمر کنور نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ان کے ادارے کا مقصد پاکستان دنیا کے اسٹار فٹبالر کو پاکستان لانا ہے جس سے ملک میں نوجوان فٹبالرز کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا یہ ان کا گروپ پاکستان میں فوری طور پر فٹبال فٹبال کے لیے اکیڈمیز نہیں کھولنے جارہا کیونکہ یہاں پر اس کا انفرا اسٹرکچر موجود نہیں ہے، تاہم اسٹار کھلاڑی مستقبل میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں میں ٹریننگ سیشنز منعقد کریں گے جہاں نوجوان فٹبالرز کو ٹریننگ دی جائے گی۔

پی ایف ایف الیکشن میں حکومت نے مداخلت نہیں کی، سید اشفاق شاہ

سید اشفاق شاہ نے فیصل صالح حیات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں فیصل صالح حیات سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ پاکستان میں فٹبال کی بہتری کے لیے اپنے اختیارات کا استعمال کریں گے۔

خیال رہے کہ پی ایف ایف کے سابق صدر فیصل صالح حیات ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کے نائب صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک دوسرے پر کیچڑ نہیں اچھالنا چاہتے، تاہم میں چاہتا ہوں کہ فیصل صالح حیات اگر سچے پاکستان ہیں تو پاکستان کے حق کے لیے لڑیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے پریس کانفرنس میں اس تاثر کو بھی رد کیا جس میں کہا جارہا تھا کہ فٹبال عالمی تنظیم (فیفا) نے پی ایف ایف کے حالیہ الیکشن سے خدشات ہیں۔

سید اشفاق شاہ نے کہا کہ فیفا نے کبھی بھی پی ایف ایف کو اس حوالے سے خط نہیں لکھا، فیفا اور اے ایف سی نے کئی عرصے سے پی اے ایف میں ایک ہی شکل دیکھی ہے، تاہم مجھے منصب سنبھالے ہوئے صرف 2 ماہ ہی گزرے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں یہاں پر قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہیں آیا، پی اے ایف میں الیکشن سپریم کورٹ کی ہدایت پر اس کی عمارت میں ہی کروائے گئے تھے۔

حریف گروپ کو اعتراض ہے کہ اس میں تیسری پارٹی نے مداخلت کی ہے، تاہم میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ اگر تیسری پارٹی کی مداخلت ہوتی تو عامر ڈوگر پی ایف ایف کے صدر ہوتے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عامر ڈوگر پی ایف ایف کے صدر نہیں ہے اسی سے واضح ہے کہ حکومت نے ان الیکشن میں مداخلت نہیں کی۔

نیکولس انیلکا کا پاکستان آنے کا اعلان

خیال رہے کہ نیکولس انیلکا نے 2 مارچ کو ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ وہ 5 مارچ کو پاکستان آئیں گے اور اسلام آباد میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید اشفاق شاہ سے ملک میں فٹ بال کو بہتر کرنے کے لیے 20 نکاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے نیکولس انیلکا نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ ‘سلام پاکستان، میں نیکولس انیلکا ہوں اور آپ لوگ تیار ہوجائیں’۔

مزید پڑھیں: ریال میڈرڈ، چیلسی کے سابق اسٹار کا پاکستان کے دورے کا اعلان

جس کے بعد جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ ‘اس دورے سے پاکستان میں فٹ بال کی بہتری میں مدد ملے گی’۔

نیکولس انیلکا کا پاکستان کا دورہ ٹچ اسکائی گروپ کے تحت ہونے والے ورلڈ سوکر اسٹار 2019 کا حصہ ہے اور یہی گروپ رواں سال جنوری میں سابق عظیم فٹ بالر لوئس فیگو اور ریکارڈو کاکا کو بھی پاکستان لایا تھا۔

فٹ بال کے عظیم کھلاڑیوں کو پاکستان لانے والے گروپ کے منصوبے میں رواں سال کراچی اور لاہور میں نمائشی میچز کروانا بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ نیکولس انیلکا نے اس سے قبل 2017 میں رونالڈینو کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا تھا اور 2 میچ بھی کھیلے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں شاندار استقبال پر کاکا اور فیگو شکر گزار

نیکولس نے کہا تھا کہ ‘میں مشرف بہ اسلام ہوں اس لیے پاکستان سے خاص تعلق ہے، میرا ورلڈ سوکر اسٹارز سے گہرا رشتہ ہے، میں اس دورے کے حوالے سے پرعزم ہوں’۔

واضح رہے کہ نیکولس انیلکا نے 2004ء میں متحدہ عرب امارات میں اسلام قبول کرلیا تھا جس کے بعد ان کا نام "عبدالسلام بلال" رکھا گیا تھا۔

نیکولس کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان میں اپنے مداحوں کو 26 اپریل اور 29 اپریل کو کراچی اور لاہور میں پرجوش دیکھنے کے لیے بھی پرعزم ہوں’۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ‘انیلکا کی ماہرانہ رائے جارحانہ کوچنگ کی بنیاد پر ہے جو اس وقت فرانس لیگ ون میں لیلی او ایس سی یوتھ سے جڑے ہوئے ہیں’۔

مزید کہا گیا کہ ‘اس دورے کو پی ایف ایف کے لیے ٹچ اسکائی گروپ ورلڈ سوکر اسٹار کے ساتھ اس لیے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ ٹیکنیکل معاملات کو سمجھنے میں معاونت ہو’۔

مزید پڑھیں: عظیم فٹبالرز فیگو اور کاکا کے کراچی میں یادگار لمحات

ٹچ می اسکائی گروپ کے سربراہ احمر کنور کا کہنا تھا کہ ‘ہمارا وژن پاکستان میں بنیادی سطح پر مناسب ڈھانچہ کھڑا کرنا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘انیلکا کا دورہ پاکستان اور پی ایف ایف سے تبادلہ خیال ڈومیسٹک لیگ کے ڈھانچے کے لیے سود مند ہوگا اور انیلکا کی موجودگی سے ہمارے کام کو تقویت ملے گی’۔

احمر کنور کا کہنا تھا کہ ‘انہوں نے دورے سے قبل یورپین فٹ بال میں پاکستانی کھلاڑیوں پر دروازہ کھولنے کے لیے ایک ڈھانچے پر بات کی’۔

نیکولس انیلکا کا دورہ اسلام آباد کے سینٹورس مال پر اختتام پذیر ہوگا جہاں انہیں فٹ بال کے مداحوں سے متعارف کروایا جائے گا تاکہ وہ انہیں متحرک، متاثر اور ان کے اعتماد کو بڑھا سکیں۔

ورلڈ سوکر اسٹارز کے شیڈول میچ کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ پاکستان میں پہلی مرتبہ امریکی گلوکار ایکون بھی کنسرٹ کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں