اسپین کے مشہور فٹ بال کلب ریال میڈرڈ اور انگلش کلب چیلسی کے سابق فرانسیسی اسٹار کھلاڑی نیکولس انیلکا 5 مارچ کو پاکستان آئیں گے اور اسلام آباد میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید اشفاق شاہ سے ملک میں فٹ بال کو بہتر کرنے کے لیے 20 نکاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے نیکولس انیلکا نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ‘سلام پاکستان، میں نیکولس انیلکا ہوں اور آپ لوگ تیار ہوجائیں’۔

جس کے بعد جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ‘اس دورے سے پاکستان میں فٹ بال کی بہتری میں مدد ملے گی’۔

نیکولس انیلکا کا پاکستان کا دورہ ٹچ اسکائی گروپ کے تحت ہونے والے ورلڈ سوکر اسٹار 2019 کا حصہ ہے اور یہی گروپ رواں سال جنوری میں سابق عظیم فٹ بالر لوئس فیگو اور ریکارڈو کاکا کو بھی پاکستان لایا تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں شاندار استقبال پر کاکا اور فیگو شکر گزار

فٹ بال کے عظیم کھلاڑیوں کو پاکستان لانے والے گروپ کے منصوبے میں رواں سال کراچی اور لاہور میں نمائشی میچز کروانا بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ نیکولس انیلکا نے اس سے قبل 2017 میں رونالڈینو کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا تھا اور 2 میچ بھی کھیلے تھے۔

نیکولس نے کہا کہ ‘میں مشرف بہ اسلام ہوں اس لیے پاکستان سے خاص تعلق ہے، میرا ورلڈ سوکر اسٹارز سے گہرا رشتہ ہے، میں اس دورے کے حوالے سے پرعزم ہوں’۔

واضح رہے کہ نیکولس انیلکا نے 2004ء میں متحدہ عرب امارات میں اسلام قبول کرلیا تھا جس کے بعد ان کا نام "عبدالسلام بلال" رکھا گیا تھا۔

نیکولس کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان میں اپنے مداحوں کو 26 اپریل اور 29 اپریل کو کراچی اور لاہور میں پرجوش دیکھنے کے لیے بھی پرعزم ہوں’۔

یہ بھی پڑھیں: عظیم فٹبالرز فیگو اور کاکا کے کراچی میں یادگار لمحات

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ‘انیلکا کی ماہرانہ رائے جارحانہ کوچنگ کی بنیاد پر ہے جو اس وقت فرانس لیگ ون میں لیلی او ایس سی یوتھ سے جڑے ہوئے ہیں’۔

مزید کہا گیا ہے کہ ‘اس دورے کو پی ایف ایف کے لیے ٹچ اسکائی گروپ ورلڈ سوکر اسٹار کے ساتھ اس لیے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ ٹیکنیکل معاملات کو سمجھنے میں معاونت ہو’۔

ٹچ می اسکائی گروپ کے سربراہ احمر کنور کا کہنا تھا کہ ‘ہمارا وژن پاکستان میں بنیادی سطح پر مناسب ڈھانچہ کھڑا کرنا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘انیلکا کا دورہ پاکستان اور پی ایف ایف سے تبادلہ خیال ڈومیسٹک لیگ کے ڈھانچے کے لیے سود مند ہوگا اور انیلکا کی موجودگی سے ہمارے کام کو تقویت ملے گی’۔

احمر کنور کا کہنا تھا کہ ‘انہوں نے دورے سے قبل یورپین فٹ بال میں پاکستانی کھلاڑیوں پر دروازہ کھولنے کے لیے ایک ڈھانچے پر بات کی’۔

نیکولس انیلکا کا دورہ اسلام آباد کے سینٹورس مال پر اختتام پذیر ہوگا جہاں انہیں فٹ بال کے مداحوں سے متعارف کروایا جائے گا تاکہ وہ انہیں متحرک، متاثر اور ان کے اعتماد کو بڑھا سکیں۔

ورلڈ سوکر اسٹارز کے شیڈول میچ کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے اور اس کے ساتھ ساتھ پاکستان میں پہلی مرتبہ امریکی گلوکار ایکون بھی کنسرٹ کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں