بھارتی کرکٹر محمدشامی کے خلاف تشدد، جنسی ہراساں کرنے کا مقدمہ درج

اپ ڈیٹ 15 مارچ 2019

ای میل

محمد شامی مشکل میں پھنس گئے—فائل فوٹو
محمد شامی مشکل میں پھنس گئے—فائل فوٹو

نئی دہلی: پولیس نے بھارتی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد شامی کے خلاف تشدد سمیت جنسی طورپر ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کرلیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق محمد شامی کی اہلیہ حَسین جہاں نے الزام عائد کیا کہ ان کے شوہر جسمانی و جنسی تشدد سمیت دیگر جرائم میں بھی ملوث ہیں۔

مزیدپڑھیں: محمد شامی کے خلاف اقدام قتل سمیت 7مقدمے درج

واضح رہے کہ مارچ 2018 میں محمد شامی اور ان کی اہلیہ کے مابین تنازع سامنے آیا تھا جس میں خاتون نے بھارتی کرکٹر پر سنگین الزامات لگائے تھے۔

خیال رہے کہ محمد شامی کی اہلیہ سابقہ ماڈل ہیں اور انہوں نے عوامی سطح پر اپنے شوہر پر الزام عائد کیا تھا کہ ان کے متعدد لڑکیوں کے ساتھ تعلقات ہیں۔

کلکلتہ میں پبلک پراسیکیوٹر ڈیپ نارائن پارکاشی نے بتایا کہ ’محمد شامی کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی شق 498 اے (ذہنی، جسمانی تشدد اور جہیز کے نام پر ہراساں کرنا) اور 354 اے (تشدد اور جنسی ہراساں) کے تحت چارج شیٹ درج کی جا چکی ہے۔

مزیدپڑھیں: بیوی پر تشدد: محمد شامی نئی مشکل میں پھنس گئے

ان کا کہنا تھا کہ ’اگر محمد شامی کے خلاف الزامات درست ثابت ہوئے تو انہیں 5 برس قید کی سزا ہو سکتی ہے‘۔

دوسری جانب ان کی اہلیہ کی جانب سے عائد کردہ تمام الزامات کو محمد شامی مسترد کر چکے ہیں۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے محمد شامی کے ساتھ طے پانے والے معاہدہ کو تاحال حتمی شکل نہیں دی۔

خیال رہے کہ بھارتی کرکٹ بارڈ کی جانب سے حال میں محمد شامی کو تمام کرپشن الزامات میں بری قرار دیا گیا تھا جس کے بعد انہیں دنیا کے امیر ترین کرکٹ بورڈ کی جانب سے ازسر نو معاہدہ طے کرنے کی پیشکش کی تھی۔

محمد شامی آئی پی ایل میں دہلی ڈیئر ڈیولز کی نمائندگی کرتے ہیں اور موجودہ تنازع کے بعد فرنچائز نے انہیں نہ کھلانے کے حوالے سے سوچ بچار شروع کردی۔

یہ بھی پڑھیں: عدالت میں شوہر کا بیوی پر تشدد

دہلی ڈیئر ڈیولز کے چیف ایگزیکٹو نے اپنے بیان میں کہا کہ شامی کی آئی پی ایل میں شرکت کے حوالے سے ہم نے بی سی سی آئی سے رابطہ کیا ہے اور وہ جو بھی ہدایات دیں گے اس کے بعد ہی ان کی لیگ میں شرکت کے بارے معلوم ہو گا۔