ماڈل کے ذریعے پیسوں کی منتقلی اور منی لانڈرنگ کی’مائنڈ گیمز‘ کہانی

03 اپريل 2019
ویب سیریز کی کہانی سچے واقعات سے متاثر ہوکر لکھی گئی، شمعون عباسی—فوٹو: ڈان امیجز
ویب سیریز کی کہانی سچے واقعات سے متاثر ہوکر لکھی گئی، شمعون عباسی—فوٹو: ڈان امیجز

گزشتہ کچھ عرصے سے پاکستان میں بھی ویب سیریز کا رجحان بڑھ رہا ہے اور اب اسی سلسلے میں جلد ہی شائقین منی لانڈرنگ کی کہانی کو بھی ویب سیریز پر دیکھ سکیں گے۔

جی ہاں، فرحان تجمل کی آنے والی ویب سیریز ’مائنڈ گیمز‘ ملک میں ہونے والی منی لانڈرنگ کی کہانی پر مشتمل ہے۔

’مائیڈ گیمز‘ میں شمعون عباسی مرکزی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے جب کہ اس کی کہانی انعام شاہ نے لکھی ہے۔

’مائیڈ گیمز‘ کے حوالے سے ڈان سے بات کرتے ہوئے شمعون عباسی نے بتایا کہ ویب سیریز کی کہانی انعام شاہ کی جانب سے کی گئی تحقیق پر مبنی ہے اور وہ ایک بہترین لکھاری ہیں۔

عماد عرفانی تفتیشی افسر کے روپ میں دکھائی دیں گے—فوٹو: ڈان امیجز
عماد عرفانی تفتیشی افسر کے روپ میں دکھائی دیں گے—فوٹو: ڈان امیجز

انہوں نے مزید بتایا کہ ’مائیڈ گیمز‘ کی کہانی پاکستان میں ہونے والے منی لانڈرنگ کے کچھ سچے واقعات سے متاثر ہوکر بنائی گئی ہے۔

شمعون عباسی کے مطابق وہ ویب سیریز میں منفی کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے وہ ملک میں ہونے والی منی لانڈرنگ کے کھلاڑی سمیت اہم کاروباری شخصیت کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ویب سیریز میں منی لانڈنگ کی ابتدائی کہانی میں ایک ماڈل کے ذریعے غیر قانونی طور پر ملک سے باہر پیسے بھجوانے کو دکھایا جائے گا۔

ویب سیریز کی شوٹنگ شروع کردی گئی—فوٹو: ڈان امیجز
ویب سیریز کی شوٹنگ شروع کردی گئی—فوٹو: ڈان امیجز

’مائنڈ گیمز‘ میں پولیس اور تفتیشی افسر کا کردار عماد عرفانی نبھاتے نظر آئیں گے۔

ویب سیریز کو شمعون عباسی کی پروڈکشن کے تحت ہی ریلیز کیا جائے گا۔

ویب سیریز کی دیگر کاسٹ میں کنزا رراق اور ثنا فاخر سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

اگرچہ ویب سیریز کو ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم امکان ہے کہ رواں برس کے آخر تک اسے ریلیز کردیا جائے گا۔

’مائنڈ گیمز‘ کی شوٹنگ پاکستان کے علاوہ کینیڈا میں بھی کی جائے گی۔

ویب سیریز کو رواں برس کے آخر تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے—فوٹو: ڈان امیجز
ویب سیریز کو رواں برس کے آخر تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے—فوٹو: ڈان امیجز

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں