کتے خون سونگھ کر کینسر کی تشخیص کرنے میں کامیاب

13 اپريل 2019
کتے دیگر امراض کی تشخیص میں بھی مدد فراہم کرسکتے ہیں، ماہرین—فائل فوٹو: دی کیبل
کتے دیگر امراض کی تشخیص میں بھی مدد فراہم کرسکتے ہیں، ماہرین—فائل فوٹو: دی کیبل

اس میں کوئی شک نہیں کہ کتوں کی بو سونگھنے کی اہلیت انسان سمیت دیگر جانوروں سے کہیں زیادہ ہے۔

ماہرین کے مطابق کتوں میں بو سونگھنے کی اہلیت انسان سے 10 ہزار گنا زیادہ ہے اور اسی وجہ سے ہی دنیا بھر کے سیکیورٹی اور خفیہ ادارے کتوں کو خطرناک چیزوں کی تلاش کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

کتے نہ صرف زمین کے باہر بلکہ زمین کے اندر کچھ فٹ تک چھپائی گئی چیزوں کی بو کو سونگھنے کی اہلیت بھی رکھتے ہیں۔

اور کتوں کی اسی صلاحیت کو امریکی ماہرین نے کینسر کی تشخیص کےلیے استعمال کیا، جس میں حیران کن طور پر کتوں نے کمال کرکے کمپیوٹرائزڈ مشینوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

جی ہاں، امریکی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ کتے انسان خون کی بو سونگھ کے پھیپھڑوں کی کینسر کی تشخیص کرنے میں کامیاب گئے ہیں۔

سائنس جرنل ’یوریک الرٹ‘ کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک اجلاس کے دوران ماہرین نے رپورٹ پیش کی کہ کتے انسانی خون کی بو سونگھ کے پھیپھڑوں میں کینسر کی تشخیص کرنے میں کامیاب گئے ہیں۔

کتوں کو صحت مند اور بیمار افراد کے خون کے نمونے دیے گئے تھے—فائل فوٹو: میڈیکل ایکسپریس
کتوں کو صحت مند اور بیمار افراد کے خون کے نمونے دیے گئے تھے—فائل فوٹو: میڈیکل ایکسپریس

رپورٹ کے مطابق امریکی سوسائٹی فار بائیوکیمسٹری اینڈ مالیکیولر بائلوجی کے سالانہ اجلاس میں ماہرین نے رپورٹ پیش کی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ کتوں نے خون سونگھ کر کینسر کی 97 فیصد درست نشاندہی کی۔

ماہرین نے بتایا کہ انہوں نے رضاکار کتوں کے 2 طرح کے خون کے نمونے دیے، جن میں سے ایک خون ان مریضوں کا تھا جنہیں پھیپھڑوں کا کینسر لاحق تھا جب کہ دوسرا خون صحت مند انسانوں کا تھا۔

ماہرین کے مطابق کتوں نے 97 فیصد درست نتائج دیے اور پھیپھڑوں کے کینسر والے خون کی نشاندہی کی۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ اس تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی کہ کتے کینسر کی تشخیص میں ماہرین کی مدد کرسکتے ہیں اور اس یہ کہ اس معاملے پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ کتوں کی پہلی تحقیق کی کامیابی کے بعد اب وہ رواں برس کے آخر تک کتوں کے ذریعے کینسر کی دوسری قسم کی تشخیص کا تجربہ کریں گے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ اب کتوں کے ذریعے بریسٹ کینسر کی تشخیص کا تجربہ کیا جائے گا۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ماہرین نے کتوں کو کینسر کی تشخیص میں مددگار قرار دیا ہو۔

گزشتہ برس برطانوی سائنسدانوں نے بھی کہا تھا کہ کتوں کو کینسر سمیت دیگر مرضوں کی تشخیص کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

برطانوی تحقیق سے قبل جاپانی ماہرین نے بھی کتوں کو امراض کی تشخیص کے لیے استعمال کیاتھا اور کہا تھا کہ کتوں میں یہ مرض تشخیص کرنے کی اہلیت موجود ہے۔

کتوں کو دیگر امراض کی تشخیص کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، ماہرین—فائل فوٹو: سینشل اسام
کتوں کو دیگر امراض کی تشخیص کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے، ماہرین—فائل فوٹو: سینشل اسام

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں