لاہور میں پولیس نے ایک روز قبل دفنائے گئے نومولود کی قبر کھود کر میت چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

بادامی باغ کے علاقے میں واقع قبرستان میں نومولود بچے کی تدفین کے ایک روز بعد جب ورثا فاتحہ خوانی کے لیے گئے تو قبر کھدی ہوئی تھی اور میت غائب تھی۔

مرحوم نومولود کے چچا نے بتایا کہ گھر کے قریب واقع قبرستان میں بچے کی تدفین کی تھی، اگلے روز وہاں گئے تو قبر کھود کر مٹی دوسری طرف رکھی ہوئی تھی اور میت غائب تھی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کی تو ایک نوجوان میت اٹھائے کفن دفن کے لیے بھیک مانگ رہا تھا۔

پولیس نے نوجوان کو گرفتار کرلیا جس نے ابتدائی تفتیش کے دوران میت چوری کرنے کا اعتراف بھی کرلیا، پولیس کے مطابق نوجوان نشے کا عادی ہے۔

ایس ایچ او بادامی باغ سہیل کاظمی نے بتایا کہ ملزم میت کو لے جا کر بھیک مانگ رہا تھا، جسے فوری طور پر گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا،یہ بہت بڑا گناہ ہے جو اس نے کیا ہے۔

پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے، ملزم لاہور کے علاقے بیگم کوٹ کا رہائشی اور نشے کا عادی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں