میجر جنرل عمر بخاری نے نئے ڈی جی رینجرز سندھ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں

27 اپريل 2019
میجر جنرل محمد سعید نے میجر جنرل عمر بخاری کو کمان سونپی—اسکرین شاٹ
میجر جنرل محمد سعید نے میجر جنرل عمر بخاری کو کمان سونپی—اسکرین شاٹ

کراچی: میجر جنرل عمر احمد بخاری نے پاکستان رینجرز (سندھ) کے 14ویں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

اس سلسلے میں رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں سبکدوش ہونے والے میجر جنرل محمد سعید نے ڈی جی رینجرز کے عہدے کی ذمہ داری میجر جنرل عمر بخاری کے سپرد کیں۔

مزید پڑھیں: پاک فوج کے 40 بریگیڈیئرز کی میجر جنرل کے عہدے پر ترقی

علاوہ ازیں سبکدوش ہونے والے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات بھی کی۔

میجر جنرل عمر احمد بخاری 14 ویں ڈی جی رینجرز سندھ ہیں—اسکرین شاٹ
میجر جنرل عمر احمد بخاری 14 ویں ڈی جی رینجرز سندھ ہیں—اسکرین شاٹ

ترجمان کے مطابق اس ملاقات میں نئے ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر احمد بخاری بھی شریک تھے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے نئے ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر احمد بخاری کو خوش آمدید کہا جبکہ سبکدوش میجر جنرل محمد سعید کی خدمات کو سراہا۔

اس موقع پر مراد علی شاہ نے نئے اور سبکدوش ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ کو تحائف کے طور پر شیلڈ، اجرک اور سندھی ٹوپی بھی دی۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج میں ترقی پانے والے افسران نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

واضح رہے کہ نئے ڈی جی رینجرز بننے والے میجر جنرل عمر احمد بخاری کو اپریل کے اوائل میں ہی بریگیڈیئر سے میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔

یاد رہے کہ سبکدوش ہونے والے میجر جنرل محمد سعید کو پاک فوج نے 14 دسمبر 2016 کو ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ تعینات کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں