مظفر گڑھ: رشتے سے انکار پر لڑکی کو پیٹرول چھڑک کر جلانے والا ملزم گرفتار

اپ ڈیٹ 09 مئ 2019
پولیس کے مطابق ملزم نے دھمکی آمیز خط گھر میں پھینکا تھا — فوٹو: محمد علی
پولیس کے مطابق ملزم نے دھمکی آمیز خط گھر میں پھینکا تھا — فوٹو: محمد علی

پنجاب کے ضلع مظفر گڑھ میں رشتے سے انکار کرنے پر لڑکے نے پیٹرول چھڑک کر لڑکی کو آگ لگادی، متاثرہ لڑکی کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس ترجمان وسیم خان گوپانگ کے مطابق واقعہ مظفر گڑھ کے علاقے بیٹ میر ہزار خان کی بستی میانی میں مصباح نامی لڑکی کے گھر پر پیش آیا جہاں ملزم یوسف نے گھر میں داخل ہوکر لڑکی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی۔

انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے سے متاثرہ لڑکی کا چہرہ، بازو اور جسم کا زیادہ تر حصہ جھلس گیا، واقعے کے فوری بعد متاثرہ لڑکی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

مزید پڑھیں: فیصل آباد: شادی سے انکار پر نرس کا اغوا، فوٹیج منظر عام پر آگئی

پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاندان کی نشاندہی پر تھانہ بیٹ میر ہزار خان پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ ڈپٹی پولیس افسر (ڈی پی او) صادق علی ڈوگر کی ہدایت پر ملزم اور اس کے نامعلوم ساتھی کے خلاف اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ترجمان پولیس نے یہ بھی بتایا کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) جتوی آصف رشید خود کیس کی نگرانی کر رہے ہیں۔

پولیس حکام نے بتایا کہ ملزم یوسف نے لڑکی کو آگ لگانے کے بعد گھر میں دھمکی آمیز خط بھی پھینکا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لڑکے والوں کا شادی کے لیے’شیم لیس پرپوزل‘

خیال رہے کہ پاکستان کے دیہی علاقوں میں رشتہ سے انکار پر لڑکیوں کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے واقعات اکثر پیش آتے ہیں جبکہ اکثر تیزاب سے جھلسا دینے کے واقعات بھی پیش سامنے آئے ہیں۔

گزشتہ برس خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں رشتے سے انکار پر ایبٹ آباد میڈیکل کالج کی طالبہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں