لڑکے والوں کا شادی کے لیے’شیم لیس پرپوزل‘

01 اپريل 2019
سیریز کی مجموعی طور پر 7 قسطیں ہیں—اسکرین شاٹ
سیریز کی مجموعی طور پر 7 قسطیں ہیں—اسکرین شاٹ

پاکستانی معاشرے میں شادی طے کرنا کسی بڑی جنگ سے کم معرکہ نہیں ہوتا۔

اگرچہ نئی نسل ماضی کی طرح والدین کی رضامندی سے ’ارینج میرج‘ پر اب یقین نہیں رکھتی، تاہم پھر بھی کئی لڑکے اور لڑکیاں ایسے ہیں جو اب بھی والدین کی خواہش کے مطابق شادیاں کرتے ہیں۔

ساتھ ہی آج کے دور میں ’لو میرج‘ یعنی پسند کی شادی کا رواج بھی بڑھتا جا رہا ہے، تاہم دونوں طرح کی شادیوں میں ماضی کی طرح رکاوٹیں اور مسائل اب بھی موجود ہیں۔

پاکستان میں جب کسی گھرانے میں کوئی رشتہ جاتا ہے تو لڑکے والے لڑکی والوں سے بے شمار سوالات کرتے ہیں، ساتھ ہی لڑکی والے بھی پیچھے نہیں ہٹتے۔

ایسے اور ان جیسے دیگر کئی مسائل پر فلم ساز سعدیہ جبار کی ویب سیریز‘ شیم لیس پرپوزل‘ کی پہلی قسط جاری کردی گئی۔

پہلی قسط 29 مارچ کو ریلیز کی گئی—اسکرین شاٹ
پہلی قسط 29 مارچ کو ریلیز کی گئی—اسکرین شاٹ

سات منٹ دورانیے کی جاری کی گئی پہلی قسط ’ماچو مین‘ (جسمانی تشدد نہیں) میں لڑکے والوں کو لڑکی والوں کے ہاں رشتہ لے جاتے اور وہاں پر کئی فرمائشیں کرتے دکھایا گیا ہے۔

پہلی قسط میں باڈی بلڈنگ کے شوقین لڑکے کے والدین کو ایک عام لڑکی کے گھر رشتہ لے جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

قسط میں لڑکے والوں کے بھرم اور ان کی جانب سے لڑکی والوں کو ڈرانے اور ان پر بازی لے جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ساتھ ہی لڑکے کو رشتہ پکا کرنے کے لیے لڑکی پر کئی پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ارینج اور لو میرج کا ’شیم لیس پرپوزل‘

رشتہ لے کر آنے والے لڑکے کو ہونے والی دلہن سے مطالبہ کرتے ہوئے دکھایا ہے کہ ان کی ہونے والی دلہن انہیں کبھی کسی افیئر سے نہیں روکے گی اور نہ ہی ان کی جانب سے سوشل میڈیا پر قابل اعتراض تصاویر شیئر کرنے پر اسے کوئی اعتراض ہوگا۔

پہلی قسط میں لڑکی کو رشتہ مسترد کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ
پہلی قسط میں لڑکی کو رشتہ مسترد کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے—اسکرین شاٹ

ساتھ ہی لڑکا ہونے والی دلہن کو کہتے ہوئے دکھائی دیتا ہے کہ ان کی ہونے والی اہلیہ کبھی بھی سوشل میڈیا پر اپنی ذاتی تصویر شیئر نہیں کرے گی بلکہ کسی اداکارہ کی تصویر لگائے گی۔

پہلی قسط میں دکھایا گیا ہے کہ لڑکے کی جانب سے بے جا مطالبے اور فرمائشیں سننے کے بعد لڑکی کو غصہ آجاتا ہے اور وہ رشتہ لے کر آنے والے کو کھری کھری باتیں سنا کر رشتے سے انکار کرتی ہے۔

ویب سیریز کی پہلی قسط دیکھ کر اندازہ ہوتا ہےکہ ’شیم لیس پرپوزل‘ میں رشتے طے ہوتے وقت لڑکی کے اہل خانہ پر لڑکے کے گھر والوں کی جانب سے کی جانے والی بے جا فرمائشوں اور مطالبات کو دکھایا جائے گا اور ساتھ ہی ایسے فضول مطالبات کو لڑکی کی جانب سے مسترد کرتے ہوئے بھی دکھایا جائے گا۔

’شیم لیس پرپوزل‘ کی کہانی سجاد گل نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات ہنی ہارون نے دی ہیں۔

ویب سیریز کی پہلی قسط 29 مارچ کو یوٹیوب پر جاری کی گئی تھی، جب کہ اس سیریز کی مجموعی طور پر 7 قسطیں ہیں جنہیں سعدیہ جبار کے آفیشل چینل پر ریلیز کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں