اسلام آباد: پاکستانی نژاد جرمن لڑکی کے لاپتہ ہونے کا معمہ حل نہ ہوسکا

تھانہ آبپارہ پولیس نے عمیمہ خان کے اغوا کا مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی — فائل فوٹو/ اے پی
تھانہ آبپارہ پولیس نے عمیمہ خان کے اغوا کا مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی — فائل فوٹو/ اے پی

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستانی نژاد جرمن لڑکی عمیمہ خان کے لاپتہ ہونے کا معمہ حل نہ ہوسکا، لڑکی کے چچا نے اغوا کا مقدمہ درج کروادیا۔

رپورٹ کے مطابق تھانہ آبپارہ پولیس نے عمیمہ خان کے اغوا کا مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی۔

پولیس کو بتایا گیا کہ عمیمہ خان 3 سال قبل جرمنی سے پاکستان آئی اور اپنے چچا کے ہاں رہائش پذیر تھی۔

مزید پڑھیں: کراچی: ڈیفنس میں گھر کے باہر سے نوجوان لڑکی اغوا

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ لڑکی کی تلاش کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں اور موبائل ڈیٹا سے مدد لی جارہی ہے جبکہ تفتیش کے لیے لڑکی کا لیپ ٹاپ بھی تحویل میں لے لیا گیا۔

پاکستانی نژاد جرمن لڑکی کے لاپتہ ہونے کے حوالے سے پولیس ذرائع نے بتایا کہ 18 سالہ عمیمہ خان کمرے میں پیغام لکھ کر گئی تھی کہ وہ بازار جارہی ہے اور جلد واپس آجائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران ملک میں لڑکیوں کو اغوا کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

گذشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں ایک نوجوان لڑکی کو اس کی رہائش گاہ کے باہر سے 4 مسلح ملزمان نے اغوا کرلیا تھا، پولیس نے اس واردات کا مقصد اغوائے برائے تاوان قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: ہسپتال کے باہر سے 16 سالہ لڑکی اغوا

اس سے قبل 26 اپریل 2019 کو کراچی میں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کے باہر سے 16 سالہ لڑکی مبینہ طور پر اغوا کرلیا گیا تھا۔

پولیس افسر نے بتایا تھا کہ اغوا ہونے والی لڑکی اپنی والدہ کے ہمراہ چیک اپ کے لیے ہپستال کے او پی ڈی گئی تھی، بعدازاں لڑکی ادویات خریدنے کے لیے ہسپتال سے باہر آئی اور لاپتہ ہوگئی۔

تبصرے (0) بند ہیں