عمران خان 'نالائق اعظم' ہیں، مریم نواز

اپ ڈیٹ 22 مئ 2019
ایک افطار ڈنر سے حکومت کی ٹانگیں کانپ گئیں، مریم نواز — فائل فوٹو: ٹوئٹر
ایک افطار ڈنر سے حکومت کی ٹانگیں کانپ گئیں، مریم نواز — فائل فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کو 'نالائق اعظم' جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اقتدار میں آنے کو سانحہ قرار دے دیا۔

مریم نواز پارٹی رہنما بلیغ الرحمٰن کی اہلیہ اور ان کے بیٹے کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرنے کے لیے ان کے گھر بہاولپور پہنچیں۔

اس موقع پر انہوں نے بلیغ الرحمٰن کی اہلیہ اور ان کےبیٹے کے کار حادثے میں جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے کے انتقال پر بھی تعزیت کا اظہار کیا۔

اس دوران خطاب کرتے ہوئے مریم نواز اپنے سیاسی حریفوں پر خوب برسیں اور وزیراعظم عمران خان کو 'نالائق اعظم' قرار دے دیا۔

مزید پڑھیں: مریم نواز کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

انہوں نے کہا کہ کیا یہ ہے مدینہ کی ریاست کہ جہاں اسلام آباد میں ایک غریب کی بیٹی کو درندگی کا نشانہ بنایا گیا، اس سانحے کی ذمہ دار حکومت وقت ہے، ہم انشاء اللہ معصوم فرشتہ کے لیے بھی آواز اٹھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر متاثرہ لڑکی کی تصاویر دیکھ کر میرا دل کانپ اٹھا، اس لیے میں ارباب اختیار سے گزارش کرتی ہوں کہ فرشتہ کے کیس میں جو کوتاہیاں ہوئی ہیں ان کا نوٹس لیا جائے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ایک سانحہ پاکستان کے ساتھ بھی ہوا تھا جب یہ حکومت وجود میں آئی تھی۔

لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ہم روز سنتے ہیں گیس، بجلی چینی اور دیگر اشیائے خورونوش مہنگی ہوگئیں، لوگوں کی تنخواہیں کم ہوگئیں جبکہ لوگوں کے لیے امور خانہ داری چلانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں: بلاول بھٹو کا افطار ڈنر،مریم نواز سمیت اہم رہنماؤں کی شرکت

مریم نواز نے سوال کیا کہ اس حکومت کو آئے ہوئے 10 ماہ گزر چکے ہیں، کیا آپ نے کبھی ملک کے لیے اچھی خبر سنی؟ آج غریب کہتا ہے کہ کھانا کھائیں یا بچوں کی فیس اور یوٹیلٹی بلز ادا کریں۔

حکومت اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آیم ایف ایف) کے درمیان معاہدے سے متعلق بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں کے دوران بھی قرضے لیے گئے تھے جسے موجودہ حکمرانوں نے بھیک کا نام دیا لیکن اقتدار میں آنے کے بعد انہوں نے بھیک نہیں مانگی بلکہ ملک کے خزانے کی چابی ہی آئی ایم ایف کے حوالے کردی۔

مریم نواز نے حکومت شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ چور دروازے سے حکومت میں آئے ہیں، ان کے چہروں سے جلد نقاب ہٹ جائیں گے اور قوم ان کے چہرے دیکھ لے گی۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کی جیل واپسی: قومی مقاصد قربانی مانگتے ہیں، مریم نواز

انہوں نے بتایا کہ جب وہ جیل میں سابق وزیراعظم اور پارٹی کےقائد نواز شریف سے ملاقات کے لیے جاتی ہیں تو وہ ان سے اپنی رہائی کے لیے تحریک چلانے کا نہیں کہتے بلکہ پوچھتے ہیں کہ جاؤ جاکر عوام کو دیکھو۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سوال کرتے ہیں کہ عوام کی تنخواہوں میں اضافہ ہوا یا نہیں؟

مریم نواز نے اپوزیشن جماعتوں کے افطار ڈنر کا تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک افطار ڈنر سے حکومت کی ٹانگیں کانپ گئیں۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کے خطاب کے دوران پارٹی کارکنان پرجوش انداز میں نعرے بازی کرتے رہے جبکہ مریم نواز نے نعرہ بھی لگوایا کہ 'جیل کا تالا ٹوٹے گا نواز شریف چھوٹے گا'۔

تبصرے (0) بند ہیں