مریم نواز کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

17 مئ 2019
الیکشن کمیشن 27 مئی کو درخواست کی سماعت کرے گا۔ فائل فوٹو: ڈان نیوز
الیکشن کمیشن 27 مئی کو درخواست کی سماعت کرے گا۔ فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے مریم نواز کو پاکستان مسلم لیگ (ن) میں نائب صدر کا عہدہ دینے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی۔

الیکشن کمیشن 27مئی کو صبح 10 بجے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرے گا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے سماعت کے لیے بھیجے جانے والے نوٹسز پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کو موصول ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کو مسلم لیگ (ن) کا نائب صدر بنانا غیر قانونی ہے، حکومت

پی ٹی آئی کے اراکین پارلیمان فرخ حبیب، ملیکہ بخاری، جویریہ ظفر اور کنول شوذب نے مریم نواز کو مسلم لیگ نواز کی نائب صدارت دینے کا فیصلہ چیلنج کررکھا ہے۔

پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ مریم نواز سپریم کورٹ کے فیصلے کی رو سے کسی بھی سیاسی و عوامی عہدے کی اہل نہیں ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز کے معاملے میں خود ان کے والد نواز شریف کی نظیر موجود ہے۔

فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ مریم نواز بھی یقیناً بلاول کی طرح وراثت میں سیاسی جماعت چاہتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان اور انتخابی قوانین کسی نااہل شخصیت کو بہرحال سیاسی عہدہ سنبھالنے کی اجازت نہیں دیتے۔

پی ٹی آئی رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوں گے اور مریم نواز کی تقرری پر اپنا مؤقف قانونی انداز میں پیش کریں گے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں کو پاکستان مسلم لیگ (ن) میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ ہوئی تھی اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو پارٹی کا سینئر نائب صدر جبکہ مریم نواز کو نائب صدر مقرر کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کی تنظیم نو، شاہد خاقان سینئر نائب صدر،مریم نواز نائب صدر مقرر

پارٹی کے صدر میاں شہباز شریف نے قائد نواز شریف سے منظوری کے بعد پارٹی کے مرکزی عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا جس کا لندن سے مراسلہ جاری کیا گیا۔

مراسلے کے مطابق شاہد خاقان عباسی پارٹی کے سینئر نائب صدر جبکہ احسن اقبال سیکریٹری جنرل مقرر کیے گئے۔

تاہم مریم نواز کو پارٹی کا نائب صدر بنائے جانے پر پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آیا تھا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کا صدر بنائے جانے کے فیصلے کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ’ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آمروں کے زیرِ اثر پرورش پائی ہے، الیکشن کمیشن کے واضح احکامات ہیں کہ سزا یافتہ فرد کو سیاسی جماعت کا عہدہ نہیں دیا جاسکتا‘۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے عہدوں کا اعلان رشتہ داروں کے درمیان خاندانی اثاثوں کی تقسیم کے مترادف تھا جبکہ یہ فیصلہ پارٹی کارکنان کو کرنا چاہیے تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں