کیا آپ یقین کریں گے کہ پرندے انسانوں کو یرغمال بنالیں؟ مگر ایسا حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا ہے۔

یہ عجیب واقعہ برطانیہ میں سامنے آیا جہاں سی گل نے ایک جوڑے کو 6 دن کے لیے ان کے اپنے گھر میں ہی یرغمال بنالیا۔

77 سالہ روئے پیکارڈ اور 71 سالہ برینڈا پیکارڈ برطانوی علاقے لنکاشائر کے ایک سمندری علاقے میں مقیم تھے اور انہیں مسلسل 2 سی گل کے حملوں کا اس وقت سامنا ہوتا جب بھی وہ گھر سے باہر نکلنے کی کوشش کرتے۔

روئے پیکارڈ نے بتایا کہ درحقیقت ان پرندوں کے 2 بچے ان کے گھر کی چھت پر پہنچ گئے تھے اور بڑے پرندے ان کی حفاظت کررہے تھے۔

روئے پیکارڈ نے ایک بار جب کسی طرح گھر سے باہر نکلنے کی کوشش کی تو ان پر ایسا حملہ کیا گیا کہ پورا سر خون سے بھر گیا اور قریبی ہسپتال جاکر علاج کرانا پڑا۔

انہوں نے بتایا 'یہ انتہائی دہشت زدہ کردینے والا تجربہ تھا، میں اپنے گھر کے دروازے سے باہر نکلنے سے قاصر ہوگیا تھا، اگر میں باہر نکلنے کی کوشش کرتا تو 2 بڑے پرندے وہاں میرے منتظر ہوتے اور مجھے کوئی موقع نہیں ملتا، یہ بہت خوفزدہ کردینے والا تھا'۔

ان کا کہنا تھا 'میری بیوی کی حالت زیادہ اچھی نہیں اور وہ زیادہ چل پھر نہیں سکتی، تو ہمیں زندگی کے لیے امور لیے مجھ پر انحصار کرنا پڑتا ہے'۔

انہوں نے کہا 'شکر ہے گیراج کا راستہ گھر سے ملا ہوا ہے اور میں کچن سے وہاں جاسکتا تھا، تو میں وہاں سے گیراج کا دروازہ کھول کر خریداری کے لیے باہر نکل سکتا تھا، مگر اس کے لیے دروازہ کھول کر رکھنا پڑتا جو کچھ زیادہ اچھا نہیں تھا'۔

مقامی حکام کے مطابق اس طرح کے پرندے اپنے گھونسلوں کے حوالے سے بہت حساس ہوتے ہیں جبکہ ان کو قانونی تحفظ بھی حاصل ہے تو جوڑے کے لیے ان سے نمٹنا آسان نہیں تھا۔

مقامی کونسل کے افراد نے بزرگ جوڑے کے گھر جاکر صورتحال کا جائزہ لیا تاکہ ان پرندوں سے نمٹنے کے لیے کوئی مشورہ دے سکیں۔

ان افراد کے مطابق فی الحال جو حل پیش کیا گیا ہے اس کی بدولت روئے پیکارڈ اپنی اہلیہ کو ڈاکٹر کے پاس لے جاسکیں گے، جبکہ پرندوں کو فی الحال ایسے چھوڑ دیا گیا ہے بلکہ مقامی رہائشیوں کو یہ مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں کو اس طرح کے پرندوں سے محفوظ رکھنے کی تدابیر کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں