اقوام متحدہ: سیکیورٹی کونسل کی غیر مستقل رکنیت کیلئے بھارت کو حمایت حاصل

ایشیا پیسیفک گروپ کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہیں، بھارت — فائل فوٹو: رائٹرز
ایشیا پیسیفک گروپ کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہیں، بھارت — فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کے غیرمستقل رکن کی 2 سالہ مدت کے لیے ایشیا پیسیفک گروپ سے ایک اور امیدوار کی غیر موجودگی نے بھارت کے لیے گروپ کی متفقہ طور پر حمایت کو فعال بنا دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی کونسل کی غیرمستقل نشست کے لیے بھارت کی امیدواری کی ایشیا پیسیفک گروپ کے 55 اراکین نے توثیق کی۔

اس حوالے سے اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل نمائندے سید اکبرالدین نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’یہ ایک متفقہ قدم ہے، اقوام متحدہ میں ایشیا پیسیفک گروپ نے مفتقہ طور پر بھارتی امیداوری کی حمایت کی ہے، جس کے لیے تمام 55 اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔'

خیال رہے کہ اقوام متحدہ میں یہ سیکیورٹی کونسل کی غیر مستقل نشست 2 سال کے لیے جنرل اسمبلی کے کسی بھی 10 رکن ممالک کو دی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: اقوام متحدہ کی پاک-بھارت کشیدگی کم کرنے کیلئے ثالثی کی پیشکش

واضح رہے کہ سیکیورٹی کونسل کے مستقل رکن ممالک کی تعداد 5 ہے جن میں امرکا، چین، روس، فرانس اور برطانیہ شامل ہیں۔

مذکورہ نشست پر ووٹنگ آئندہ برس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اجلاس کے دوران ہوگی۔

پاکستان بھی ایشیا پیسیفک گروپ کا حصہ ہے، تاہم یہاں بھارتی حکام کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پاکستان نے بھی اقوام متحدہ میں مذکورہ نشست کے لیے بھارتی امیدواری کی حمایت کی ہے۔

ڈان کے رابطہ کرنے پر اقوام متحدہ میں موجود پاکستانی مشن کے ایک سفارتکار کا کہنا تھا کہ علاقائی گروپ کے کسی بھی بلا مقابلہ انتخاب میں توثیق خودبخود ہوجاتی ہے، اور یہی ایشیا پیسیفک گروپ کے انتخاب کے دوران ہوا ہے جس کا پاکستان بھی حصہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی انتخاب آئندہ برس ہوگا تاہم یہاں پاکستان پر انحصار کرتا ہے کہ وہ ووٹنگ کے دوران کس طرح کا رویہ اختیار کرے۔

یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کا پاکستان اور بھارت سے کشیدگی میں کمی کا مطالبہ

خیال رہے کہ 2010 میں بھی پاکستان کو اسی طرح کی صورتحال کا سامنا تھا۔

اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی 10 غیر مستقل نشستوں کو 5 علاقائی گروپ میں تقسیم کیا گیا اور پاکستان ایشیا پیسیفک گروپ کا حصہ ہے۔

یہ گروپ اپنے درمیان سے ہی 2 ممالک کا انتخاب کرتے ہیں جہاں یہ ممالک 2 سال تک براجمان رہتے ہیں۔

اس علاقائی گروپ میں مملک کی تعداد زیادہ جبکہ جغرافیائی وسعت ہونے کی وجہ سے بھی ان ممالک کے درمیان رابطے کمزور ہیں۔

پاکستان 2024 میں اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی غیر مستقل رکن کی نشست کے لیے انتخاب میں حصہ لے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں