انجری نہ ہونے کے باوجود افغان باؤلر آفتاب کو ورلڈ اسکواڈ سے کیوں باہر کیا گیا؟

اپ ڈیٹ 30 جون 2019
آفتاب عالم اب ورلڈ کپ میں مزید کوئی میچ نہیں کھیل سکیں گے— فوٹو: اے ایف پی
آفتاب عالم اب ورلڈ کپ میں مزید کوئی میچ نہیں کھیل سکیں گے— فوٹو: اے ایف پی

لندن: افغانستان نے فاسٹ باؤلر آفتاب عالم کی جگہ سید احمد شیرزاد کو بطور متبادل ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔

افغانستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آفتاب عالم کو آئی سی سی ڈسپلنری کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر واپس وطن بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ان کے متبادل کے طور پر شیرزاد کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

تاہم افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ آفتاب نے کس طرح کے ڈسپلنری قوانین کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں انہیں ورلڈ اسکواڈ سے ہی باہر کردیا گیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے بقیہ میچز کے لیے شیرزاد عالم کو ٹیم میں شامل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ آفتاب کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے شیرزاد نے اب تک صرف ایک ون ڈے میچ کھیلا ہے اور آئرلینڈ کے خلاف وہ میچ بھی بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ کوئی افغان کھلاڑی ورلڈ کپ 2019 سے باہر ہوا بلکہ اس سے قبل وکٹ کیپر بلے باز محمد شہزاد انجری کے سبب ایونٹ سے باہر ہو گئے تھے۔

البتہ وطن واپس لوٹنے پر شہزاد نے انکشاف کیا تھا کہ وہ بالکل فٹ تھے اور انہیں سازش کے تحت ورلڈ کپ سے باہر کیا گیا۔ افغانستان کی ٹیم ٹیم ورلڈ کپ میں متواتر سات شکستوں کے بعد پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں