بابراعظم کا ون ڈے کرکٹ میں ایک اور اعزاز

اپ ڈیٹ 10 جولائ 2019
بابر اعظم نے ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا—فائل/فوٹو:اے ایف پی
بابر اعظم نے ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کیا—فائل/فوٹو:اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابراعظم نے ورلڈ کپ 2019 میں بہترین کارکردگی کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن کا اعزاز حاصل کرلیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری ایک روزہ کرکٹ کی تازہ درجہ بندی کے مطابق پاکستانی بلے بازوں کے علاوہ باؤلرز نے بھی ترقی کرتے ہوئے اپنی پوزیشن بہتر بنالی ہے۔

بلے بازوں کی درجہ بندی میں بھارت کے ویرات کوہلی اور روہت شرما 891 اور 885 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔

بابر اعظم نے ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے متعدد ریکارڈ اپنے نام کیے جہاں طویل عرصے بعد سنچری بنانے والے مڈل آرڈر بلے باز بن گئے اور سابق بلے باز جاوید میانداد کا ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

یہ بھی پڑھیں:شاہین آفریدی نے ایک ہی میچ میں دو نئے عالمی ریکارڈز بنا دیے

ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر آئی سی سی کی درجہ بندی میں بابراعظم نے دنیا کے مشہور بلے بازوں ویرات کوہلی اور روہت شرما کے بعد 827 پوائنٹس کے ساتھ تیسرا نمبر اپنے نام کرلیا ہے۔

بلے بازوں کی رینکنگ میں اوپنر امام الحق بھی ترقی کرتےہوئے 764 پوائنٹس کے ساتھ گیارھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ ان کے ساتھی اوپنر فخر زمان کا نمبر 17 ہے۔

عالمی کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے حارث سہیل اپنی پوزیشن بہتر کرنے میں ناکام ہوئے اور 36 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

ایک روزہ کرکٹ میں بلے بازی کی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کے کپتان ترقی پا کر چوتھے، نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔

مزید پڑھیں:بنگلہ دیش کو 94 رنز سے شکست دینے کے باوجود پاکستان ورلڈ کپ سے باہر

آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نے پابندی کے بعد عالمی کرکٹ میں واپسی کرتے ہوئے درجہ بندی میں چھٹی پوزیشن حاصل کرلی ہے، انگلینڈ کے جوروٹ متعدد اچھی اننگز کے باوجود تنزلی کا شکار ہو کر ساتویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن اپنی ساتویں پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں، نویں نمبر جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کوک پہنچے ہیں جبکہ آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ تنزلی کے بعد دسویں نمبر پر ہیں۔

آئی سی سی کی تازہ درجہ بندی میں پاکستان کے باؤلرز سرفہرست 10 پوزیشن میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں تاہم شاداب خان ترقی پانے والے باؤلرز میں شامل ہیں، محمد عامر 12 اور شاہین شاہ آفریدی 23 نمبر پر بدستور براجمان ہیں۔

شاداب خان ترقی پانے کے باوجود 25 ویں نمبر پر ہیں، عماد وسیم باؤلنگ میں تنزلی کے بعد 37 ویں نمبر پر آگئے ہیں جبکہ حسن علی 41 ویں نمبر پر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی میں ناکامی، سابق کرکٹرز کی قوانین پر تنقید

بھارت کے جسپریت بمرا باؤلرز کی رینکنگ میں سرفہرست ہیں، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ دوسرے، آسٹریلیا کے پیٹ کمنز تیسرے، جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا اور عمران طاہر بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر ہیں۔

آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بدستور سرفہرست ہیں اور ابتدائی دس کھلاڑیوں کے نمبروں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے جہاں پاکستان کے عماد وسیم چوتھے اور محمد حفیظ دسویں نمبر پر موجود ہیں۔

انگلینڈ کے بین اسٹوکس درجہ بندی میں دوسرے، افغانستان کے محمد نبی تیسرے، پاکستان کے عماد وسیم چوتھے اور افغانستان کے نوجوان کھلاڑی راشد خان بہترین آل راؤنڈرز کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں