سویڈن: طیارہ حادثے میں 9 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 14 جولائ 2019
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

سویڈن میں سیاحت کے لیے استعمال ہونے والا چھوٹا طیارہ شمال مغربی علاقے میں حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ویسٹر بوٹن کے علاقے کی ترجمان گیبریلا بینڈلنگ نے بتایا کہ ’ جہاز میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے‘، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ وہ افراد کون تھے۔

سویڈش میڈیا کی رپورٹس کے مطابق طیارے میں سوار افراد اسکائی ڈائیونگ کے لیے جارہے تھے لیکن مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے کے بعد حادثے کا شکار ہوا۔

حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ گپس ایرو جی اے 8 ایئر وین اومیو ایئرپورٹ سے روانہ ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: روسی طیارہ حادثہ، پائلٹ کے خلاف تحقیقات

سویڈش اخبار کی جانب سے آن لائن جاری کی گئی فوٹیج میں طیارے کو آسمان سے گرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

عینی شاہد نے اخبارڈیگنز نیہیتر کو بتایا کہ ’ میں نے عجیب سی آواز سنی جو مجھے نارمل نہیں لگی، میں نے اوپر کی جانب دیکھا تو ایک جہاز گررہا تھا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’پہلے میں سمجھا کہ یہ کوئی فضائی کرتب ہے لیکن فورا مجھے احساس ہوا کہ کچھ غلط ہے‘۔

حادثے کا شکار ہونے والے جہاز کا ملبہ اومیو کے جنوب میں واقع جزائر میں سے ایک جزیرے سے ملا ہے۔

برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق پولیس ترجمان پیڈر جونسن نے بتایا کہ اسکائی ڈائیونگ کے لیے مسافروں کو لے جانا والا طیارہ اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد ہی دریائے اومے کے قریب جزیرے میں گر کرتباہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: بوئنگ طیارے کے بڑھتے حادثات: مالی مفاد نے انسانی جان کو بھی نہ بخشا

انہوں نے مزید کہا کہ حادثے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں تاہم طیارے میں سوار افراد اسکائی ڈائیونگ کے لیے جارہے تھے۔

یونیورسٹی ہسپتال اومیو نے تصدیق کی کہ حادثے میں طیارے میں سوار کوئی فرد نہیں بچ سکا اور ان کے رشتہ داروں کو اطلاع دے دی گئی ہے۔

پولیس کے ترجمان اور اومیو ہسپتال دونوں نے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد اور شہریت سے متعلق فوری طور پر کچھ نہیں بتایا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں