مظفرآباد: وادی نیلم میں بادل پھٹنے سے سیلاب، 22 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 17 جولائ 2019
بارش سے متاثرہ علاقوں میں فیصل آباد سے آئے ہوئے تبلیغی جماعت کے افراد بھی موجود تھے—فائل فوٹو: ڈان نیوز
بارش سے متاثرہ علاقوں میں فیصل آباد سے آئے ہوئے تبلیغی جماعت کے افراد بھی موجود تھے—فائل فوٹو: ڈان نیوز

مظفرآباد: وادی نیلم میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے تبلیغی جماعت کے 18 افراد سمیت 22 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق مظفرآباد سے 70 کلومیٹر شمال مشرق میں وادی نیلم میں لیسوا بالا گاؤں میں کلاؤڈبرسٹ (بادل پھٹنے) سے مسجد اور گھر بہہ گئے، جس کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق ہوگئے۔

مظفرآباد ریجن کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس سردار الیاس خان کے مطابق فیصل آباد سے تبلیغی جماعت اس علاقے میں آئی تھی جبکہ دیگر جاں بحق اور زخمی افراد مقامی رہائشی ہیں۔

مزید پڑھیں: ملک بھر میں سیلاب، طوفانی بارشوں سے 19 افراد جاں بحق

انہوں نے بتایا مسجد میں موجود تبلیغی جماعت کو پانی کا ریلا بہا کر لے گیا جبکہ دیگر کو مساجد کو بھی نقصان پہنچا۔

ڈی آئی جی نے بتایا کہ سیلاب کے باعث 50 گھر اور دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ 100 دیگر گھروں و دکانوں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا، اس کے علاوہ طوفانی بارش اور سیلاب کے باعث 12 گاڑیاں بھی لاپتا ہوگئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ یہ پہاڑی علاقہ ہے اور وہاں فکسڈ لائن یا موبائل فون کی سہولت نہیں ہے جس کی وجہ سے صحیح تفصیلات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے‘۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر راجا محمود شاہد اور ایس پی آصف درانی نے ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا لیکن اب تک لیسوا اور دریائے نیلم سے کوئی لاش برآمد نہیں ہوئی۔

ادھر آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجا فاروق حیدر نے اپنے ایک پیغام میں واقعے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ لاشوں کی تلاش کے لیے کوششیں برئے کار لائیں اور بچ جانے والے افراد کو ریلیف فراہم کریں۔

یہ بھی پڑھیں: چترال میں سیلابی صورتحال، وزیر اعظم کی بہن سمیت کئی افراد پھنس گئے

قبل ازیں متاثرہ علاقوں کے دورے پر پہنچنے سے پہلے آزاد کشمیر کے وزیر برائے سول ڈیفنس اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ احمد رضا قادری کا کہنا تھا کہ بچ جانے والوں کے لیے بحالی کیمپ قائم کیے جائیں گے۔

ٹریفک حادثات میں 6 افراد جاں بحق

علاوہ ازیں مظفرآباد اور میرپور میں 2 ٹریفک حادثات میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

پہلے حادثے میں مظفرآباد کے قریب یادگار کے مقام پر مسافر جیم دریائے نیلم میں جاگری جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور ان کی 2 بیٹیوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔

یہ مسافر جیپ ساریان کتلہ سے مظفرآباد آرہی تھی کہ نیلم روڈ پر حادثے کا شکار ہوگئی۔

دوسرے واقعے میں میرپور کے مضافات میں کار اور موٹرسائیکل کے درمیان تصادم میں 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Murad Jul 16, 2019 06:34am
Please let the town planning staff control the construction in waterways to prevent such unnecessary loss of life. Easement concept should be applied across the country including AJK. If we keep on constructing unplanned houses everywhere we end up in risking even bigger losses due to natural disasters.