عمران خان جیلوں کو سیاسی قیدیوں سے بھرنا چاہتے ہیں، شہباز شریف

اپ ڈیٹ 22 جولائ 2019
ماضی سے سبق حاصل کرتے ہوئے ہم اس ملک میں کچھ بہتری لائے تھے، شہباز شریف — فائل فوٹو: ٹوئٹر
ماضی سے سبق حاصل کرتے ہوئے ہم اس ملک میں کچھ بہتری لائے تھے، شہباز شریف — فائل فوٹو: ٹوئٹر

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت کی کشتی ڈانواں ڈول ہے تاہم اس ناؤ کو منجدھار سے نکالنے کے لیے مثالی اتحاد قائم کرنا ہوگا۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ ملک قائداعظم نے بنایا اور ان ہی کی کوششوں سے یہ ملک معرض وجود میں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی سے سبق حاصل کرتے ہوئے ہم اس ملک میں کچھ بہتری لائے تھے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت ایک شاندار چارٹر تھا، تاہم اس پر مورخ لکھے گا کہ اس پر کتنا عمل ہوا۔

مزید پڑھیں: اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا 25 جولائی سے حکومت مخالف مظاہروں کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی کشتی ڈانواں ڈول ہورہی ہے، ابھی تاخیر نہیں ہوئی معاملات کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے اور ناؤ کو منجدھار سے نکالنے کے لیے مثالی اتحاد قائم کرنا ہوگا۔

ملکی مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس وقت عام آدمی کی زندگی تنگ ہوچکی ہے، روٹی مہنگی، فیکٹریاں بند، مزدور بے روز گار اور ملازمین کو فارغ کیا جارہا ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم کی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت وزیراعظم عمران خان کا مقصد جیلوں کو سیاسی قیدیوں سے بھردینا ہے۔

ظہرانے سے آگاہ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی صدر نے اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کو اراکین سینیٹ کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن کا چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر 60 اراکین کی حمایت کا دعویٰ

شہباز شریف نے تحریک عدم اعتماد کامیاب بنانے کے لیے اپوزیشن کو متحدرہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پاس نمبر پورے نہیں ان کی تحریک ناکام ہوگی۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیر اعظم امریکا میں جاکر کہتے ہیں کہ جیلوں سے ایئرکنڈیشن ختم کردوں گا، دیار غیر میں ایسی گفتگو کرنا بدترین جگ ہنسائی ہے۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ سینیٹ وفاق پاکستان کی علامت ہے۔

انہون نے کہا کہ آج کے اجلاس اپوزیشن اراکین کی بڑی اکثریت موجود ہے، فخر سے کہتا ہوں پیپلزپارٹی کے تمام ممبران سینیٹ میں موجود ہیں۔

اپوزیشن کے نامزد کردہ چیئرمین سینیٹ حاصل بزنجو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک سیاسی کارکن ہوں، زندگی بھر سیاست کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھ جیسے سیاسی ورکرز کی چئیرمین کے لیے نامزدگی اور پاکستان کی بڑی جماعتوں کا مجھ پر اعتماد میرے لیے بڑا اعزاز ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں