خالد مقبول صدیقی کی گاڑی ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز سے چوری

اپ ڈیٹ 30 جولائ 2019
گاڑی کو بہادرآباد مرکز کے باہر سے چوری کیا گیا—فائل فوٹو: ڈان نیوز
گاڑی کو بہادرآباد مرکز کے باہر سے چوری کیا گیا—فائل فوٹو: ڈان نیوز

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ اور وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی ڈبل کیبن گاڑی ’ویگو‘ چوری ہوگئی۔

گاڑی صبح سوا 8 بجے کے قریب ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد مرکز سے چوری کی گئی۔

ایم کیو ایم کی جانب سے اس معاملے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کروانے کے لیے درخواست دے دی گئی ہے تاہم ابتدائی طور پر پولیس کو گاڑی کا انجن اور چیسز نمبر فراہم کیا گیا۔

مزید پڑھیں: ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کون ہیں؟

واقعے کے حوالے سے حاصل تفصیلات کے مطابق خالد مقبول صدیقی کے زیر استعمال ویگو گاڑی بہادر آباد مرکز کے باہر کھڑی تھی، اس گاڑی کا ماڈل 2013 کا ہے، جس کا رجسٹریشن نمبر CU-3157 ہے اور یہ ایم کیو ایم پاکستان کی فلاحی تنظیم خدمت خلق فاؤنڈیشن کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔

دوسری جانب پولیس نے ایم کیو ایم پاکستان کے بہادرآباد مرکز کے باہر لگے کیمروں کی فوٹیج حاصل کرتے ہوئے گاڑی کی تلاش شروع کردی۔

یہ بھی پڑھیں: دل کہہ رہا ہے کراچی کے دن بدلنے والے ہیں، خالد مقبول صدیقی

اس حوالے سے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) شرقی اظفر مہیسر کا کہنا تھا کہ وہ اس کی ’تصدیق‘ کررہے ہیں جبکہ ڈی آئی جی شرقی عامر فاروقی کہتے ہیں کہ ’ہم معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ گاڑی کس مقام سے غائب ہوئی‘۔

خیال رہے کہ خالد مقبول صدیقی کا شمار ایم کیو ایم کے سینئر رہنماؤں میں ہوتا ہے اور متحدہ رابطہ کمیٹی نے فروری 2018 میں ڈاکٹر فاروق ستار کو پارٹی کنوینرشپ سے ہٹا کر خالد مقبول صدیقی کو پارٹی کا نیا سربراہ مقرر کیا تھا۔

خالد مقبول صدیقی ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر کے ساتھ ساتھ وفاقی وزیر بھی ہیں اور وہ 2018 کے عام انتخابات میں کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ 255 سے کامیاب ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں