وزیراعظم سے چین کے وائس چیئرمین سی ایم سی جنرل ژو کی لیانگ کی ملاقات

28 اگست 2019
وزیراعظم نے سلامتی کونسل میں چین کے تعاون پر شکریہ ادا کیا—فوٹو:پی آئی ڈی
وزیراعظم نے سلامتی کونسل میں چین کے تعاون پر شکریہ ادا کیا—فوٹو:پی آئی ڈی

وزیراعظم عمران خان سے چین کے سینٹرل ملیٹری کمیشن (سی ایم سی) کے وائس چیئرمین جنرل ژو کی لیانگ نے ملاقات کی اور وزیراعظم کو اہم وقت میں پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا صدر شی جن پنگ کا پیغام بھی پہنچایا۔

وزیراعظم ہاؤس سےجاری بیان کے مطابق جنرل ژو کی لیانگ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفد نے پاکستان اور چین کے درمیان باہمی مفادات کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے آزمودہ پاک-چین دوستی، اسٹریٹجک تعاون کو سراہا اور اس کو خطے اور خطے سے باہر امن و استحکام سے تعبیر کیا۔

وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے 5 اگست کو کیے گئے یک طرفہ اور غیر قانونی اقدامات کا ذکر کیا اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن، انسانی حقوق کی صورت حال سنگین ہے اور بھارت کے اقدامات سے امن اور سلامتی کے لیے خطرات پیدا ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے جرائم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے کسی قسم کی جھوٹی کارروائی کرسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آرمی چیف سے چین کے وائس چیئرمین سینٹرل ملیٹری کمیشن کی مقبوضہ کشمیر پر گفتگو

وزیراعظم نے پاکستان کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اجلاس طلب کرنے کی درخواست پر تعاون کرنے کے معاملے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔

چینی سینٹرل ملیٹری کمیشن کے وائس چیئرمین سے گفتگو میں انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر سے فوری طور پر کرفیو ہٹایا جائے اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو وہاں کے دورے کی اجازت دی گئے تاکہ وہاں پر پیش آنے والے انسانی بحران سےپردہ اٹھ جائے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے جبر سے انتہاپسندی کا خطرہ ہے اور بھارت کے اس طرح کے اقدامات سے خطے کا استحکام خطرات سے دو چار ہوسکتا ہے۔

اس موقع پر جنرل ژو کی لیانگ نے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی کیانگ کا پاکستان کو اپنے تعاون اور خاص کر ایسے اہم مواقع اپنی حمایت جاری رکھنے کا پیغام پہنچایا۔

انہوں نے چینی قیادت کے اہم قومی مفادات میں ایک دوسرے کی حمایت کرنے کی فخریہ روایت کو قائم رکھنے کے عزم سے آگاہ کیا۔

سی ایم سی کے وائس چیئرمین جنرل ژو نے کہا کہ جنوبی ایشیائی خطے کو استحکام، معاشی ترقی اور تصفیہ طلب مسائل کے حل کی ضرورت ہے اور ان مقاصد کے حصول کے لیے پاکستانی کوششوں کو سراہا۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور چین دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام اور اسٹریٹجک توازن کو برقرار رکھنے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

یاد رہے کہ جنرل ژو لی کیانگ نے گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں