فردوس عاشق اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا

اپ ڈیٹ 31 اگست 2019
قیمتوں میں کمی کا اطلاق یکم ستمبر سے ہوگا—فائل فوٹو: اے ایف پی
قیمتوں میں کمی کا اطلاق یکم ستمبر سے ہوگا—فائل فوٹو: اے ایف پی

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔

اس سلسلے میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے ایک ٹوئٹ کیا، جس کے بعد اس میں دیے گئے اعداد و شمار کی تصیح بھی ایک ٹوئٹ کے ذریعے کی گئی۔

انہوں نے لکھا کہ عوام دوست حکومت کا عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدام، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ حکومت خود لینے کے بجائے براہ راست عوام کو منتقل کرے گی۔

معاون خصوصی نے ٹوئٹ میں لکھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کا دوسرا سال قومی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور ملک کے لیے نئی خوشخبریاں لے کر آئے گا۔

اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے ایک نوٹیفکیشن کی تصویر بھی لگائی، جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے کی کمی کی گئی جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 117 روپے 83 پیسے سے کم ہوکر 113 روپے 24 پیسے فی لیٹر ہوگی۔

فردوس عاشق اعوان کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمت میں 7 روپے 67 پیسے کی کمی کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 132 روپے 47 پیسے سے کم ہوکر 124 روپے 80 پیسے ہوگی۔

مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات 8 روپے 90 پیسے مہنگی کرنے کی سفارش

اس نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کی تیل اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی کمی کی گئی اور 4 روپے 27 پیسے کی کمی سے مٹی کا تیل اب فی لیٹر 103 روپے 84 پیسے کے بجائے 99 روپے 57 پیسے کا ہوگا۔

لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 5 روپے 63 پیسے کی کمی کی گئی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 97 روپے 52 پیسے سے کم ہوکر 91 روپے 89 پیسے ہوگی۔

بعد ازاں انہوں نے ایک اور ٹوئٹ کی، جس میں لکھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اعداد و شمار میں غلطی کی تصحیح کی گئی ہے، درست اعدادو شمار یہ ہیں۔

واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا اور پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 15 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 65 پیسے اضافہ کردیا تھا۔

ساتھ ہی حکومت نے ماہ اگست کے لیے لائٹ ڈیزل 8روپے 90پیسے مہنگا کردیا تھا جبکہ مٹی کا تیل بھی 5روپے 38پیسے مہنگا کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا رواں ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی نہ کرنے کا اعلان

اس سے قبل جولائی کے لیے حکومت نے ٹیکس ریٹ میں ایڈجسٹمنٹ کیے جانے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم جون میں عیدالفطر سے قبل وفاقی حکومت نے اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز کو منظور کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 26 پیسے کا اضافہ کیا تھا۔

قبل ازیں مئی میں پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 42 پیسے اضافہ کرتے ہوئے نئی قیمت 108 روپے 31 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Aug 31, 2019 10:38pm
پہلے بھی عرض کیا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت، ایم کیو ایم اور بلدیاتی اداروں کے افسران سخت۔۔۔۔ ہیں ، ان کو کسی قسم کے فنڈز دینا ہی بدیانتی ہیں، بحریہ ٹائون سے رقم عام شہریوں اور عدالت کی وجہ سے حاصل ہوئی۔ کئی سال قبل کلفٹن کراچی بارش کے پانی میں ڈوب گیا تھا، وہاں بھی شہریوں اور عدلیہ کی مداخلت پر بالاخر نیا پری فیبریکیڈ سیوریج سسٹم بچھایا گیا، جس کے بعد سے بارش کا پانی زیادہ دیر کلفٹن میں موجود نہیں رہتا اور پانی کی نکاسی ہوجاتی ہے۔ بحریہ ٹائون سے حاصل رقم کراچی اور سندھ کے فراہمی و نکاسی آب کے پری فیبریکیٹڈ نظام پر FWO یا NLC کے ذریعے خرچ کی جائے، جس گلی یا سڑک پر میں سسٹم بنانا ہو وہاں کے رہائشیوں سے بھی 5% وصولی کی جائے، اس سے ان کو احساس ہوتا ہے کہ یہ سسٹم ہمارا ہے اور ہمارے لیے بنایا جارہاہے، وہ اس کا خیال رکھتے ہیں، ہم نے اپنے گھر کی فٹ پاتھ30 سال قبل خود بنائی اب تک اس کو کچھ نہیں ہوا، جب کہ سامنے کی سڑک پر اس دوران 7 بار فٹ پاتھ توڑی اور بنائی جاچکی ہیں صرف و صرف کاغذات اور اپنا پیٹ بھرنے کے لیے۔ نئے سسٹم کے بارے میں تمام معلومات، صلاحیتیں موجود ہیں، صرف جذبے کی ضرورت ہے