امریکا سے کسی بھی سطح پر مذاکرات نہیں ہوں گے، آیت اللہ خامنہ ای

17 ستمبر 2019
سپریم لیڈر نے کہا کہ واشنگٹن نے تہران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی اپنا لی ہے—فائل فوٹو: اے پی
سپریم لیڈر نے کہا کہ واشنگٹن نے تہران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی اپنا لی ہے—فائل فوٹو: اے پی

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے امکان کو یکسر مسترد کردیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے واضح کیا کہ ’امریکا کے ساتھ کسی بھی سطح پر کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے‘۔

مزیدپڑھیں: ’اقوام متحدہ کے اجلاس میں امریکی، ایرانی صدور کی ملاقات خارج از امکان نہیں‘

انہوں نے کہا کہ واشنگٹن نے تہران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی اپنا لی ہے کیونکہ امریکا سمجھتا ہے کہ اس حکمت عملی کے بغیر اسلامی جمہوریہ ایران کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔

اپنے ٹی وی خطاب میں انہوں نے کہا کہ ’ایرانی قوم کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی بے مقصد ہے‘۔

سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ ’ایران کے تمام سرکاری افسران مکمل طور پر یقین رکھتے ہیں کہ امریکا کے ساتھ کسی سطح پر مذاکرات کی گنجائش نہیں رہی‘۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکا اور ایران کے صدور کے مابین ملاقات کا امکان ہے۔

مزیدپڑھیں: سعودی عرب کے تیل کے پلانٹ پر حوثی باغیوں کا ڈرون حملہ

اس ضمن میں گزشتہ روز وائٹ ہاؤس کی ترجمان مشیر کیلیانی کونوےنے کہا تھا کہ امریکا کی جانب سے ایران پر سعودی عرب کی تیل کمپنی پر ڈرون حملے کے الزام کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور صدر حسن روحانی کے مابین ملاقات خارج از امکان نہیں۔

بعدازاں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ’زیادہ سے زیادہ دباؤ‘ میں ناکامی کے بعد اب مائیک پومپیو ’زیادہ سے زیادہ دھوکہ‘ دینے کی جانب چلے گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا نے الزام عائد کیا تھا کہ سعودی عرب میں دنیا کی سب سے بڑی تیل کمپنی آرامکو کے 2 پلانٹس پر ہونے والے ڈرون حملوں میں ایران براہ راست ملوث ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے الزام لگایا تھا کہ ایران سعودی عرب میں تقریباً 100 حملوں میں ملوث ہے

اپنے ایک اور پیغام میں مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایران کی جانب سے کیے گئے حملے کی مذمت کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں