کراچی میں بارش: پاکستان اور سری لنکا کا پہلا ون ڈے میچ منسوخ

اپ ڈیٹ 27 ستمبر 2019
بارش کے باعث نیشنل اسٹیڈیم میں پانی جمع ہوگیا —فوٹو: سوشل میڈیا
بارش کے باعث نیشنل اسٹیڈیم میں پانی جمع ہوگیا —فوٹو: سوشل میڈیا

کراچی میں تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے شہر میں 10 سال بعد ہونے والے ون ڈے انٹرنیشنل میچ منسوخ کردیا گیا۔

کراچی میں جمعہ کی دوپہر کو ایک مرتبہ پھر بادل جم کر برسے اور ایک گھنٹے سے زائد ہونے والی تیز بارش سے نیشنل اسٹیڈیم کی آؤٹ فیلڈ اور اطراف میں جگہ جگہ پانی جمع ہوگیا۔

بارش کے باعث پانی جمع ہونے سے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آج ہونے والے میچ کا ٹاس بھی نہیں ہوسکا اور میچ منسوخ کردیا گیا۔

نیشنل اسٹیڈیم میں موجود انتظامیہ کی جانب سے گراؤنڈ کی آؤٹ فیلڈ کو سکھانے کی کوشش کی کی گئی لیکن باؤنڈری لائن کے اطراف بہت زیادہ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے میچ شروع نہ ہوسکا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز آج سے ہونے جارہا ہے اور اگر یہ میچ ہوجاتا ہے تو کراچی 10سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل میچ کی میزبانی کرے گا۔

مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور اس کے بعد پاکستان کو اپنی تمام انٹرنیشنل سیریز بیرون ملک کھیلنی پڑی تھیں۔

اس جمود کا پہلی مرتبہ خاتمہ اس وقت ہوا تھا جب 2015 میں زمبابوے کی ٹیم نے تین میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور یہ تمام میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تھے۔

کراچی میں تیز بارش

دوسری جانب شہر قائد میں مسلسل چوتھے روز بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا اور آج ہونے والی موسلادھار بارش کافی دیر تک جاری رہی۔

بارش سے قبل سیاہ بادلوں نے آسمان کو گھیر لیا—فوٹو: عبدالرشید
بارش سے قبل سیاہ بادلوں نے آسمان کو گھیر لیا—فوٹو: عبدالرشید

واضح رہے کہ کراچی میں صبح سے شدید گرمی کے بعد دوپہر کے وقت میں بارش ہونے کا یہ مسلسل چوتھا روز تھا اور اچانک موسم کی تبدیلی نے شہریوں کو بھی حیران کردیا۔

شہر کے مختلف علاقوں صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، ٹاور، گارڈن، لسبیلا، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، سرجانی، ملیر، شاہ فیصل، گلشن، گلستان جوہر، کورنگی، لانڈھی و دیگر علاقوں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔

بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جبکہ بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا اور شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں