مولانا فضل الرحمٰن اور 'را' کا ایجنڈا ایک ہی ہے، فیاض الحسن چوہان

اپ ڈیٹ 07 اکتوبر 2019
تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان پریس کانفرنس کر رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان پریس کانفرنس کر رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے مولانا فضل الرحمٰن کا ایجنڈا بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کا ایجنڈا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرن کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ 'عمران خان کی تقریر کے بعد بھارت کے ریٹائرڈ افسران ان کی تعریف کرنے پر مجبور ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی تقریر میں نریندر مودی کی پیدائش سے لے کر گجرات کے وزیر اعلیٰ بننے اور 5 اگست کے فیصلے کو عیاں کیا تھا۔

مزید پڑھیں: حکومت نے جمہوری نظام نہ چلنے دیا تو ہم بھی دھرنا دیں گے، بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ 'پاکستان سے نفرت کرنے والا بھارتی میڈیا گزشتہ 10 روز سے اپنی 25 فیصد کوریج میں مولانا فضل الرحمٰن کو ہیرو بناکر پیش کر رہا ہے'۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 'اس خطے میں جتنی دہشت گردی کی کارروائیاں ہیں وہ بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کرواتی ہے اور مولانا فضل الرحمٰن کا ایجنڈا 'را' کا ایجنڈا ہے'۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ 'مولانا فضل الرحمٰن 1973 کے آئین کے تناظر میں کرپشن کے 74 طور طریقے ایجاد کرتے ہیں اور اصول کی سیاست کے نام پر وصول کی سیات کرتے ہیں'۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 'سر سے پیر تک مولانا فضل الرحمٰن کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں، انہوں نے گزشتہ 35 سالوں میں اپنے خاندان کے افراد کو رکن اسمبلی اور سینیٹر بنایا'۔

یہ بھی پڑھیں: جمعیت علمائے اسلام (ف) سے متعلق ‘جعلی ہدایت نامہ’ سوشل میڈیا پر وائرل

انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ سے درخواست کی کہ 'مولانا صاحب ملک دشمن طاقتوں کے اشاروں پر مت ناچیں اور گزشتہ 10 سالوں میں جو اس معیشت کا جو استحصال ہوا ہے اسے بحال کرنے کے لیے عمران خان صاحب اور ان کی ٹیم انتھک محنت کر رہی ہے، ان حالات میں جو مسائل پیدا کیے جارہے ہیں اس سے باز آجائیں'۔

انہوں نے چیئرمین نیب سے مطالبہ کیا کہ 'صحافی انصار عباسی نے مولانا فضل الرحمٰن پر کرپشن کے الزامات لگائے تھے، چیئرمین نیب مولانا کو بلائیں اور بنوں، ڈیرہ اسمٰعیل خان میں شہدا اور ریلوے کی زمینوں کے حوالے سے سوالات کریں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی مولانا اور مولانا ان دونوں جماعتوں کا استعمال کر رہے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی ابو بچانے کے لیے مولانا فضل الرحمٰن کا استعمال کر رہے ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمٰن بے روزگار ہیں اور وہ پیسوں کے لیے ان کا ساتھ دے رہے ہیں'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں