مردان: زمین کے تنازع پر فائرنگ، خاتون اور بچی سمیت 5 افراد قتل

اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2019
فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے— فائل فوٹو: ڈان نیوز
فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے— فائل فوٹو: ڈان نیوز

خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں 7 مرلے کے مکان کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں خاتون، 3 بیٹوں اور کم سن نواسی سمیت 5 افراد جاں بحق کو قتل کردیا گیا۔

مردان میں فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد کے قتل کا واقعہ تھانہ صدر کے علاقے گوجر گڑھی نوے کلی میں پیش آیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان اور مقتولین آپس میں چچا زاد بھائی ہیں اور وہ گزشتہ شب مقتولین کے گھر میں زبردستی داخل ہوئے اور تکرار کے بعد فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں 55 سالہ خاتون شازیہ، ان کے 2 سگے بیٹوں 36 سالہ عابد علی، 26 سالہ ظفر علی، 17سالہ سوتیلا بیٹا آصف اور 5 سالہ نواسی زرافشاں جاں بحق ہوگئے۔

مزید پڑھیں: پشاور: جائیداد کے تنازع پر باپ اور 2 بھائی قتل

واقعے کے بعد پولیس کی بڑی تعداد سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) آپریشن مشتاق احمد کی قیادت میں جائے وقوع پر پہنچی، تاہم تمام ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

بعد ازاں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالہ کردیا گیا۔

علاوہ ازیں پولیس نے ڈی ایس پی سٹی کی قیادت میں 4 ٹیمیں تشکیل دے دیں، جنہوں نے ایس ایچ او سٹی محسن فواد، ایس ایچ او صدر عجب درانی، ایس ایچ او ہوتی مقدم خان اور ایس ایچ او پار ہوتی عبدالسلام کی نگرانی میں ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: جائیداد کے تنازع پر 6 افراد قتل

ساتھ ہی پولیس نے 4 دفعات کے تحت 5 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

خیال رہے کہ رواں برس کے آغاز میں پشاور میں جائیداد کے تنازع پر ایک شخص نے فائرنگ کرکے اپنے 2 بھائیوں اور والد کو قتل جبکہ ایک کو زخمی کردیا تھا۔

ملزم کے والد سکندر اور 2 بھائی ثاقب اور مشتاق فائرنگ کے نتیجے میں موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ ایک 4 سالہ بھائی عالم زیب زخمی ہوگیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں