فلپائن: پولیس کے قافلے پر حملے میں میئر ہلاک

اپ ڈیٹ 25 اکتوبر 2019
ڈیوڈ نوارو — فائل فوٹو/اے ایف پی
ڈیوڈ نوارو — فائل فوٹو/اے ایف پی

فلپائن کے صوبے میسامس اوکسیڈنٹل کے شہر کلارن کے میئر ڈیوڈ نوارو کو بھاری اسلحے سے لیس گروہ نے حملہ کر کے ہلاک کر دیا۔

روسی نشریاتی ادارے 'آر ٹی' کی رپورٹ کے مطابق پولیس کے قافلے پر اس وقت حملہ کیا گیا جب میئر کو پولیس، پراسیکیوٹر کے دفتر لے کر جارہی تھی۔

اطلاعات کے مطابق ڈیوڈ نوارو نے بلٹ پروف جیکٹ پہن رکھی تھی۔

مزید پڑھیں: فلپائن کی جیل پر حملہ ،158 قیدی فرار

حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں کو زمین پر لیٹنے کا کہا اور ڈیوڈ نوارو کو گاڑی سے باہر نکال کر قتل کیا۔

قاتلانہ حملے کی گواہ اور اپنے بھائی کو بچانے کی کوشش کرنے والی مقتول ڈیوڈ نوارو کی بہن پرنسس نوارو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'کیا یہاں کوئی انصاف ہے، اگر میں انصاف کا مطالبہ کروں تو کیا مجھے مل سکے گا'۔

واضح رہے کہ جون 2016 سے ڈیوڈ نوارو سمیت فلپائن میں اب تک 13 میئر کا قتل کیا جاچکا ہے۔

پولیس میجر ایڈورڈو سانچے کا کہنا تھا کہ افسران کو گھیر کر ان پر حملہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: فلپائن: خوبصورت جزیروں، فطرت کے رنگوں اور ایڈونچر کی دنیا کا نام

پولیس ماسٹر سارجنٹ کارلو بالاسوتو نے دعویٰ کیا کہ تقریباً 10 مسلح افراد نے ایک سفید رنگ کی وین میں پولیس قافلے کا راستہ روک کر ان پر حملہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ فلپائن کے صدر روڈریگو دوترتے نے مقتول ڈیوڈ نوارو کو اپنی 'منشیات کی فہرست' میں شامل کیا تھا۔

ڈیوڈ نوارو نے منشیات کی تجارت میں ملوث ہونے کے الزامات مسترد کیے تھے اور وہ اپنے آپ کو بے گناہ ثابت کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ ان پر قاتلانہ حملہ ہوا۔

مئی 2017 میں منظم جرائم میں ڈیوڈ نوارو کے اور دیگر متعدد افسران کے ملوث ہونے کی خفیہ اطلاعات پر ان سے ان کے شہر کی پولیس فورس کے تمام اختیارات لے لیے گئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں