بغدادی آپریشن کی ویڈیو کے کچھ حصے جاری کر سکتے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

28 اکتوبر 2019
ہم ویڈیو کے کچھ حصے حاصل کرکے انہیں نشر کر سکتے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ — فائل فوٹو / اے ایف پی
ہم ویڈیو کے کچھ حصے حاصل کرکے انہیں نشر کر سکتے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ — فائل فوٹو / اے ایف پی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے وہ شام میں امریکی فوج کی ڈرامائی کارروائی کے دوران دہشت گرد تنظیم داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی ویڈیو کے حصے جاری کریں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق واشنگٹن سے شکاگو روانگی کے وقت میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ 'ہم ویڈیو کے کچھ حصے حاصل کرکے انہیں نشر کر سکتے ہیں۔'

واضح رہے کہ گزشتہ روز شام میں امریکا کے فوجی آپریشن کے نتیجے میں ابوبکر البغدادی کے ہلاک ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

بعد ازاں امریکی صدر نے داعش کے سربراہ کو شام میں امریکی فوج کے ایک آپریشن کے دوران ہلاک کیے جانے کی تصدیق کی تھی۔

واشنگٹن میں میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ 'امریکی فوجیوں کی جانب سے گھیرا تنگ ہونے کے بعد ابوبکر البغدادی نے خودکش جیکٹ کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے اس کے علاوہ 3 بچے بھی ہلاک ہوئے۔'

یہ بھی پڑھیں: ایک مرتبہ پھر داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کا دعویٰ

ان کا کہنا تھا کہ 'فوج نے ایک کمپاؤنڈ میں تقریباً 2 گھنٹے تک کارروائی کی اور مشن کی تکمیل کے بعد انتہائی حساس مواد اور معلومات جمع کی گئیں جو داعش کے مستقبل کے منصوبوں سے متعلق تھیں۔'

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں ملٹری اور انٹیلی جنس عہدیداران کے حوالے سے امریکی صدر کے چند دعوؤں پر شک کا اظہار کیا گیا جس میں ان کا یہ دعویٰ بھی شامل تھا کہ 'ٹنل میں بغدادی رو رہا اور سسکیاں لے رہا تھا۔'

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے امریکی فوج کا آپریشن کسی 'فلم' کی طرح براہ راست دیکھا جس کی بنیاد پر وہ یہ سب کہہ رہے ہیں۔

تاہم رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کو اس دوران آڈیو تک رسائی نہیں تھی جبکہ وہ ٹنل کے اندر کی فوٹیج دیکھنے سے بھی قاصر تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں