چین کا حلال گوشت کی صنعت میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے اظہار دلچسپی

اپ ڈیٹ 04 نومبر 2019
چین کے صوبے سیچوان سے تعلق رکھنے والے وفد میں کئی مسلمان اراکین بھی شامل تھے—تصویر: اے پی پی
چین کے صوبے سیچوان سے تعلق رکھنے والے وفد میں کئی مسلمان اراکین بھی شامل تھے—تصویر: اے پی پی

اسلام آباد: پاکستان کے دورے پر موجود چینی وفد کے سربراہ زہو ما نے ملک میں حلال گوشت کی صنعت میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے جسے چین اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کو برآمد کریں گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے یہ بات وزیر سیفران اور انسداد منشیات شہریار خان آفریدی کے ساتھ ہونے والی ایک ملاقات میں کہی۔

اجلاس کے بعد وزارت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چین کے صوبے سیچوان سے تعلق رکھنے والے وفد میں کئی مسلمان اراکین بھی شامل تھے۔

وفد کے سربراہ زہو ما نے کہا کہ چین کے پاس بہتر آلات اور سروسز موجود ہیں اور انہوں نے چینی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات اور حلال خوراک پہنچانے پر بھی زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری سے نئے منصوبوں پر غور

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نے پاکستان کے نصف درجن دورے کیے ہیں اور ہر مرتبہ میرا تجربہ شاندار رہا، دونوں ممالک کے عوام بہت دوستانہ ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ چینی شہریوں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

چینی وفد کے سربراہ نے مزید کہا کہ ’بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت چینی صدر شی جنگ پنگ کا ویژن ترقی پذیر ممالک کو ترقی یافتہ بنانے میں مدد کرے گا‘۔

اس موقع پر وفاقی وزیر شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہیں ہموار کرنے کیلئے اصلاحتی عمل کے لیے اقدامات اک اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین اور اس کے عوام ہمارے دلوں میں بستے ہیں، چینی عوام روز اول سے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، مجھے انتہائی خوشی ہوئی ہے کہ میں چین کے مسلمانوں سے ملاقات کررہا ہوں جو ایک خدا پر یقین رکھتے ہیں۔

مزید پڑھیں: چینی کمپنیاں پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے پرعزم

وزیر مملکت نے کہا کہ چین کی پائیدار ترقی اس بات کی عکاس ہے کہ پوری قوم یکساں مواقع حاصل کرتی ہے اور صدر شی جن پنگ نے غربت کے خاتمے کی مہم کے ساتھ یہ حیران کن کام کر دکھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چینی حکومت کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے 8 سو ملین افراد کو غربت سے نکالا آج چین پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہے۔

شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پنگ پانگ ڈپلومیسی کی بھر پور حمایت کی اور چین کو اقوام متحدہ کا مستقل رکن بنانے میں مکمل تعاون کیا اور اب بھی ہم چین کے ساتھ ہیں جب چین دنیا کی بڑی طاقت بننے جارہا ہے بد قسمتی سے پاکستان کا منفی تشخص اجاگر کیا گیا اور مجھے امید ہے کہ پاکستان کو قریب سے دیکھ کر آپ پاکستان کے سفیر بنیں گے اور چینی قوم کو بتائیں گے کہ پاکستانی کتنے پر امن اور محبت کرنے والے لوگ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'ملک کے نظام انصاف پر اعتماد قائم ہونے تک سرمایہ کاری ممکن نہیں'

شہر یار آفریدی نے کہا کہ تجارت بنی کریمﷺ کی سنت ہے پاکستان تمام وسائل سے مالا مال ملک ہے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں اور موجودہ حکومت نے ایک ویزہ پالیسی کا آغاز کیا ہے اور دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان بھر کے دروازوں کو کھول دیا ہے تاکہ وہ یہاں سرمایہ کاری کرسکیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاحت کے بھی بے پناہ مواقع ہیں اور دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں سے بیشتر پاکستان میں ہیں اب ہم ایک روشن سیاحتی پالیسی کی طرف جارہے ہیں۔

وزیر مملکت کے مطابق کوہاٹ خیبر پختونخوا صوبے کا تیل اور گیس کی پیداوار والا ضلع ہے، ہماری افرادی قوت دنیا بھر میں اپنا لوہا منوا چکی ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے ون ونڈو آپریشن کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں