نسیم شاہ کا والدہ کے انتقال کے باوجود وطن واپس نہ آنے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 13 نومبر 2019
آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں نسیم شاہ کا انٹرنیشنل ڈیبیو متوقع ہے— فوٹو بشکریہ پی سی بی
آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں نسیم شاہ کا انٹرنیشنل ڈیبیو متوقع ہے— فوٹو بشکریہ پی سی بی

نوجوان پاکستانی فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو اپنے انٹرنیشنل کیریئر کے آغاز سے محض چند دن قبل بڑا صدمہ پہنچا ہے اور نوجوان کرکٹر کی والدہ انتقال کر گئیں۔

دیر سے تعلق رکھنے والے 16سالہ نسیم شاہ ممکنہ طور پر آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا ڈیبیو کریں گے لیکن اس کیریئر کے آغاز سے قبل ہی انہیں زندگی کا بڑا صدمہ لگا ہے۔

نوجوان فاسٹ باؤلر کی والدہ گزشتہ شب انتقال کر گئیں اور اس اندوہناک خبر کے بارے میں نسیم شاہ کو اطلاع دے دی گئی تھی۔

اسپنر شاداب خان سمیت متعدد کھلاڑیوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر نسیم شاہ کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان سے تعزیت کی۔

آسٹریلیا میں موجود نسیم شاہ ابتدائی طور پر وطن واپسی کا ارادہ کر رہے تھے لیکن اہلخانہ سے مشورے کے بعد انہوں نے پاکستان واپسی کا ارادہ ترک کردیا، ان کی والدہ کی تدفین آبائی علاقے دیر میں ہو گی۔

نسیم شاہ کی والدہ کے انتقال کے سبب دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے آج بازوؤں پر سیاہ پٹی باندھ کر میچ میں شرکت کی تھی۔

ذرائع کے مطابق اگر نسیم شاہ یہاں سے پہلی فلائٹ پکڑتے تو بھی وہ اپنی والدہ کی تدفین میں شرکت نہیں کر پاتے جس کے بعد انہوں نے وطن واپس نہ آنے کا فیصلہ کیا۔

نسیم شاہ نے اسی وجہ سے آسٹریلیا اے کے خلاف میچ میں آج باؤلنگ نہیں کی تاہم امید ہے کہ وہ دوسرے پریکٹس میچ میں باؤلنگ کے لیے دستیاب ہوں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 21 نومبر سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں