’ایمیزون جنگلات میں آگ کے معاملے پر لیونارڈو ڈی کیپریو نے امداد دی‘

30 نومبر 2019
لیونارڈو ڈی کیپریو نے الزامات کو مسترد کردیا—فوٹو: رائٹرز
لیونارڈو ڈی کیپریو نے الزامات کو مسترد کردیا—فوٹو: رائٹرز

برازیل کے صدر جیئر بولسونارو نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں برس اگست میں ایمیزون جنگلات میں لگنے والی آگ کو دنیا کو دکھانے کے لیے ہولی وڈ اداکار لینارڈو ڈی کیپیریو نے امداد فراہم کی۔

خیال رہے کہ رواں برس اگست میں برازیل سمیت جنوبی امریکا کے 9 ممالک میں پھیلے ہوئے ایمیزون جنگلات میں شدید آگ بھڑک اٹھی تھی جو چند ہفتوں تک جاری رہی تھی۔

ایمیزون جنگلات کا نصف سے زیادہ حصہ برازیل کی زمینی حدود میں آتا ہے، اس لیے ان جنگلات میں آنے والی کسی بھی آفت یا آگ پر قابو پانے کی زیادہ ذمہ داری بھی اسی ملک پر ہوتی ہے۔

تاہم عام طور پر برازیل جنگلات میں آگ لگنے سمیت دیگر آفات آنے پر فوری امدادی کارروائیاں کرنے میں ناکام جاتا ہے، جس وجہ دنیا بھر سے اس پر تنقید کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایمیزون جنگلات میں آگ سے دنیا کی آکسیجن کا بڑا ذریعہ جل کر راکھ ہونے کے قریب

ایمیزون جنگلات میں آگ لگنے یا دوسری آفت آنے پر عالمی برادری اس وجہ سے تشویش ناک ہوتی ہے، کیوں کہ یہ جنگلات دنیا کی 20 فیصد آکسیجن فراہم کرتے ہیں۔

رواں برس اگست میں چند ہفتوں تک چلنے والی آگ میں ان جنگلات کو بے تحاشہ نقصان پہنچا جس وجہ سے برازیل پر عالمی برادری سے سخت تنقید کی، تاہم برازیلی صدر جنگلات میں لگی آگ کو عالمی برادری کی نااہلی اور کچھ اداروں کی ملی بھگت قرار دیتے رہے ہیں۔

ایمیزون جنگلات میں چند ہفتوں تک آگ جاری رہی تھی —فوٹو/ رائٹرز
ایمیزون جنگلات میں چند ہفتوں تک آگ جاری رہی تھی —فوٹو/ رائٹرز

اور اب انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ایمیزون جنگلات میں لگنے والی آگ کو بڑھا چڑھاکر پیش کرنے کے لیے ہولی وڈ اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو نے بھاری امداد دی۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق برازیلی صدر جیئر بولسونارو نے الزام عائد کیا کہ ’ٹائی ٹینک‘ ہیرو نے ایک فلاحی ادارے کو 5 لاکھ امریکی ڈالر کی امداد دی۔

رپورٹ کے مطابق برازیلی صدر نے سوشل میڈیا پوسٹس پر کمنٹس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کو لینارڈو ڈی کیپریو نے 5 لاکھ امریکی ڈالر کی امداد فراہم کی، تاکہ تںظیم کے رضاکار جنگلات میں جاکر آگ کی ویڈیوز اور تصاویر بنائیں۔

جیئر بولسونارو نے اداکار پر لگائے گئے الزامات کے ثبوت پیش نہیں کیے—فوٹو: رائٹرز
جیئر بولسونارو نے اداکار پر لگائے گئے الزامات کے ثبوت پیش نہیں کیے—فوٹو: رائٹرز

برازیلی صدر نے ہولی وڈ اداکار کی جانب سے عالمی فلاحی تنظیم کو خطیر مالی امداد دینے کے کوئی ثبوت پیش نہیں کیے، تاہم دعویٰ کیا کہ لینارڈو ڈی کیپریو نے تنظیم سے مل کر برازیل کے خلاف کام کیا۔

مزید پڑھیں: ایمیزون جنگلات آگ میں برازیلی و فرانسیسی صدور کی بیویوں کا کیا کام؟

جیئر بولسونارو کی جانب سے الزام عائد کیے جانے کے بعد ڈبلیو ڈبلیو ایف نے الزامات کو جھوٹا قرار دیا جب کہ لیونارڈو ڈی کیپریو نے بھی الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔

لیونارڈو ڈی کیپریو کے وکیل کا کہنا تھا کہ اداکار نے اس طرح یا کسی اور طرح کی کوئی امدادی رقم یا فنڈ فلاحی ادارے کو نہیں دیا اور ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔

برازیلی صدر کی جانب سے سوشل میڈیا پر لیونارڈو ڈی کیپریو پر الزام لگائے جانے سے قبل انہوں نے ایک تقریب کےدوران بھی فلاحی تنظیم اور اداکار پر یہی الزامات لگائے تھے۔

برازیلی صدر نے ایک پریس کائفرنس میں کہا تھا کہ لیونارڈو ڈی کیپریو نے ڈبلیو ڈبلیو ایف کو خطیر امداد دی اور فلاحی تنظیم نے اسی پیسوں کے ذریعے رضاکار بھرتی کرکے جنگل میں بھیجے جو آگ کی تصاویر اور ویڈیوز بنا کر لائے اور برازیل کو بدنام کیا گیا۔

جیئر بولسونارو جنوری 2019 میں برازیل کے صدر منتخب ہوئی، ان کی اہلیہ ان سے 27 سال کم عمر ہے—فائل فوٹو: اے پی
جیئر بولسونارو جنوری 2019 میں برازیل کے صدر منتخب ہوئی، ان کی اہلیہ ان سے 27 سال کم عمر ہے—فائل فوٹو: اے پی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں