بھارت میں بھی مودی کو 'ہٹلر' سے تشبیہ دی جانے لگی

26 دسمبر 2019
وہ پوسٹر جس میں ننھے مودی ہٹلر کے ہاتھوں میں دکھائی دے رہے ہیں — فوٹو: ٹوئٹر
وہ پوسٹر جس میں ننھے مودی ہٹلر کے ہاتھوں میں دکھائی دے رہے ہیں — فوٹو: ٹوئٹر

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اب تک تو عمران خان اور ان کے حکومتی اراکین ہی ہٹلر سے تشبیہ دیتے رہے ہیں لیکن حالیہ متنازع اقدامات کے بعد اب بھارت میں بھی انہیں ہٹلر قرار دیا جارہا ہے۔

بھارت کی کئی ریاستوں میں متنازع شہریت قانون کے خلاف احتجاج و مظاہرے جاری ہیں جن میں اب تک 30 سے زائد افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو چکے ہیں۔

بھارتی حکومت کی جانب سے طاقت کے استعمال کے باوجود ان مظاہروں میں شدت آتی جارہی ہے اور اب بات یہاں تک جاپہنچی ہے کہ عوام نے انہیں نازی جرمن اَڈولف ہٹلر سے تشبیہ دینا شروع کردی ہے۔

متنازع شہریت قانون کے خلاف ایک بھارتی شہر میں مظاہرین نے وہ پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن میں ہٹلر نے ننھے نریندر مودی کو ہاتھوں میں اٹھا رکھا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: آر ایس ایس کا نظریہ ہٹلر کی نازی پارٹی سے متاثر ہے، عمران خان

یہ بات منظر عام پر اس وقت آئی جب ایک جرمن چینل نے ہٹلر کے ہاتھوں میں مودی کے پوسٹر والی خبر کو اپنی رپورٹ کا حصہ بنایا۔

روسی نیوز ایجنسی 'اسپوتنِک' کی رپورٹ کے مطابق جرمن ٹی وی چینل مظاہرین میں سے ایک شخص کے ہاتھوں میں یہ تصویر اس وقت دکھائی گئی جب وہ متنازع قانون کے حوالے سے رپورٹنگ کر رہا تھا۔

جرمن چینل کی جانب سے نشر ہونے کے بعد یہ پوسٹر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

متنازع قانون کی مخالفت کرنے والے کئی بھارتی شہریوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس پوسٹر کی تصویر کی۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ 'نریندر مودی اپنے بیوقوفانہ فیصلوں سے بین الاقوامی سطح پر اپنی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔'

تبصرے (0) بند ہیں