پاکستان سے ٹیسٹ میچز نیوٹرل مقام پر ہی کھیلیں گے، بنگلہ دیش

اپ ڈیٹ 31 دسمبر 2019
بنگلہ دیش کو آئندہ ماہ ٹی20 اور ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
بنگلہ دیش کو آئندہ ماہ ٹی20 اور ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ(بی سی بی) نے آئندہ ماہ پاکستان میں ٹی20 میچز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر ٹیسٹ میچز نیوٹرل مقام پر کھیلنے کا موقف دہرایا ہے۔

پاکستان نے حال ہی میں دو ٹیسٹ میچوں کے لیے سری لنکن ٹیم کی میزبانی کی جس کے ساتھ ہی ملک میں 10سال کے طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ بحال ہوئی۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش دورہ پاکستان پر رضامند، ٹیسٹ سیریز کا فیصلہ مشروط

مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ اور کھیلوں کے دروازے بند ہو گئے تھے لیکن سری لنکن ٹیم نے ہی پاکستان کی مدد کرتے ہوئے ملک میں ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال کی۔

پاکستان کو اب آئندہ سال کے پہلے مہینے میں بنگلہ دیش کی میزبانی کرنی ہے جسے ٹی20 اور ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔

بنگلہ دیش نے محدود اوورز کی سیریز تو پاکستان میں کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی ہے لیکن بنگلہ دیشی حکام ٹیسٹ کرکٹ نیوٹرل مقام پر کھیلنے کے لیے مُصر ہیں۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری نے کہا کہ ہم اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں، ہم پاکستان میں صرف ٹی20 میچز کھیلنا چاہتے ہیں، بنگلہ دیش طویل دورہ پاکستان کے حوالے سے شکوک و شبہات کا شکار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سیریز سے منسلک متعلقہ افراد اور ادارے پاکستان میں طویل دورانیے کے میچز نہیں کھیلنا چاہتے اور دراصل ہمارے پاس کوئی آپشن ہے ہی نہیں، ہم ٹی20 میچز کھیل سکتے ہیں لیکن ٹیسٹ میچز کھیلنے کی بات کی جائے تو وہ نیوٹرل مقام پر ہی منعقد ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی اور کراچی ٹیسٹ میچ پاکستان کرکٹ کا ٹرننگ پوائنٹ ہے، احسان مانی

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی واضح کر چکے ہیں کہ پاکستان اب اپنی تمام سیریز ہوم گراؤنڈ پر ہی کھیلے گا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی غلط فہمی کا شکار نہ ہو کہ پاکستان ہوم سیریز کے ٹیسٹ میچز کہاں کھیلے گا، پاکستان کے تمام میچز چاہے بنگلہ دیش ہو یا کوئی اور۔ وہ پاکستان میں ہی منعقد ہوں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں