جب درجہ حرارت میں اچانک کمی سے خاتون نیند کے دوران چل بسی

27 دسمبر 2019
یہ اصل تصویر نہیں بلکہ اسٹاک فوٹو ہے— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ اصل تصویر نہیں بلکہ اسٹاک فوٹو ہے— شٹر اسٹاک فوٹو

تھائی لینڈ میں اس وقت لوگ دنگ رہ گئے جب ایک خاتون نیند کے دوران درجہ حرارت اچانک بہت کم ہونے کے نتیجے میں چل بسی۔

تھائی لینڈ کے صوبے چائیا پھوم میں یہ واقع چند دن پہلے پیش آیا تھا اور تھائی میڈیا کے مطابق 57 سالہ خاتون کی بہن نے صبح جاکر دیکھا تو اسے کچھ عجیب لگا کیونکہ عام طور پر وہ خاتون اس وقت تک ناشتہ تیار کرلیتی تھیں۔

کمرے کا دروازہ کھول کر دیکھنے پر وہ اس وقت شاک رہ گئی جب اس نے اپنی بہن کو بے جان پایا اور پھر فوری طور پر پولیس سے رابطہ کیا۔

پولیس افسران نے 57 سالہ خاتون کو مردہ قرار دیتے ہوئے دیکھا کہ کمرے میں ایک پنکھا چل رہا تھا۔

خاتون نے سردی سے بچنے کے لیے کمبل وغیرہ کا استعمال نہیں کیا جبکہ کپڑے بھی بہت ہلکے پہنے ہوئے تھے اور بہن نے بتایا کہ بستر پر لیٹنے سے قبل اس خاتون نے الکحل کا استعمال کیا تھا۔

پولیس کی تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ اس خاتون کی موت درجہ حرارت میں اچانک تبدیلی کی وجہ سے ہوئی۔

اس واقعے سے چند روز قبل ایک تھائی شخص سردی کے نتیجے میں اس وقت چل بسا تھا جب اس نے تمام کمبل اپنی بیٹی کو دے دیئے تھے تاکہ وہ سردی سے بچ سکے اور خود فرش پر سونے لیٹ گیا تھا۔

اگلی صبح 8 سالہ بیٹی نے اسے اٹھانے کی کوشش کی مگر ناکامی کے بعد مدد طلب کی اور ڈاکٹروں نے بتایا کہ درجہ حرارت میں کمی سے اس کا جسم مطابقت پیدا نہیں کرسکا جس کے نتیجے میں موت واقع ہوگئی۔

تبصرے (0) بند ہیں