نوکیا 400 فور جی پہلا اینڈرائیڈ فیچر فون؟

02 فروری 2020
ممکنہ نوکیا 400 فورجی فون — فوٹو بشکریہ نائن ٹو فائیو گوگل
ممکنہ نوکیا 400 فورجی فون — فوٹو بشکریہ نائن ٹو فائیو گوگل

نوکیا کی جانب سے دنیا کا پہلا اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے والا فیچر فون متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

ایچ ایم ڈی گلوبل (جس کے پاس نوکیا فونز کی فروخت کے حقوق موجود ہیں)، کی جانب سے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کو فیچر فون (پرانے بٹنوں والے فون) میں لائے جانے کا امکان ہے۔

نائن ٹو فائیو گوگل کی رپورٹ کے مطابق نوکیا 400 فورجی نامی اس فیچر فون کو وائی فائی الائنس ویب سائٹ پر دیکھا گیا ہے جس کی خاص بات اس کے لیے درج آپریٹنگ سسٹم جی اے ایف پی ہے۔

یہ تو واضح نہیں کہ جی اے ایف پی کن حروف کا مخفف ہے اور نہ ہی گوگل نے اس کا باضابطہ اعلان کیا ہے مگر اس میں اینڈرائیڈ ایپس اور گوگل اسسٹنٹ کام کرسکتے ہیں۔

گزشتہ سال کے آخر میں انکشاف ہوا تھا کہ گوگل کی ایک ٹیم اینڈرائیڈ فونز کے لیے کروم براﺅزر کے ایک ورژن پر کام کررہی ہے جو کسی ٹچ اسکرین سے محروم فیچر فون میں کام کرسکے۔

اس منصوبے پر گوگل نے کام گزشتہ سال ستمبر میں چھوڑ دیا تھا مگر رپورٹ کے مطابق نوکیا 400 فورجی کو نومبر 2019 میں بلیوٹوتھ اسپیشل انٹرسٹ گروپ کی جانب سے سرٹیفائیڈ کیا گیا۔

خیال رہے کہ اس وقت فیچر فونز میں ایپس کے لیے کائی او ایس ہی واحد آپریٹنگ سسٹم ہے اور ایسا لگتا ہے کہ گوگل اب اس مارکیٹ میں اس کے مقابلے پر آنا چاہتا ہے تاکہ اینڈرائیڈ کی رسائی مزید ایک ارب افراد تک ہوسکے۔

اگر گوگل یا نوکیا کی جانب سے اینڈرائیڈ فیچر فون کو مستقبل قریب میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے تو یہ رواں ماہ موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر ہوسکتا ہے یا گوگل کی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے موقع پر بھی اسے پیش کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں