لاہور ہائیکورٹ نے خاتون اول بشریٰ بی بی کے بیٹے کے خلاف درخواست نمٹادی

اپ ڈیٹ 25 فروری 2020
لاہور ہائی کورٹ میں مذکورہ معاملے کی سماعت ہوئی
— فائل فوٹو: ڈان
لاہور ہائی کورٹ میں مذکورہ معاملے کی سماعت ہوئی — فائل فوٹو: ڈان

لاہور ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کے سوتیلے بیٹے ابراہیم مانیکا کے کہنے پر مبینہ طور پر گرفتار کیے گئے 2 بھائیوں کی برآمدگی کے لیے دائر درخواست نمٹادی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عدالت عالیہ میں جسٹس انوار الحق پنوں نے مذکورہ درخواست پر سماعت کی، جہاں ابراہیم مانیکا عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

دوران سماعت لا افسر نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کے بھائی ہیر پولیس کی حراست میں ہیں جنہیں دھوکا دہی کیس میں نامزد ہونے پر گرفتار کیا گیا۔

مزید پڑھیں: بشریٰ بی بی کا بیٹا اغوا کے کیس میں طلب

بعدازاں عدالت نے پولیس رپورٹ کی روشنی میں دونوں بھائیوں کی برآمدگی سے متعلق درخواست کو نمٹا دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت میں جمع کروائی گئی پولیس رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ مبینہ مغوی نہ تو کسی کیس میں مطلوب تھے اور نہ ہی انہیں حراست میں لیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ درخواست گزار محمد حسن نے یہ مؤقف اپنایا تھا کہ اس کے دونوں بھائیوں کے خاتون اول بشریٰ بی بی اور ان کے سابق شوہر خاور مانیکا کے بیٹے ابراہیم مانیکا سے کاروباری تعلقات تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بشریٰ بی بی سے اختلافات پر وزیراعظم نے واضح بیان دے دیا

انہوں نے کہا کہ ان کے ایک بھائی اعجاز احمد نے ابراہیم مانیکا سے ایک کار مانگی تھی جسے ایک حادثے میں نقصان پہنچا، تاہم اس وقت ابراہیم مانیکا نے معاوضے کے طور پر بڑی رقم کا مطالبہ شروع کردیا۔

درخواست گزار نے الزام لگایا کہ ابراہیم مانیکا نے ایک بااثر فرد ہوتے ہوئے ان کے دونوں بھائی اعجاز اور احسن کو مقامی پولیس کی مدد سے اغوا کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بھائیوں کی رہائی کے لیے ان کے پاس گئے تو انہوں نے 15 کروڑ روپے کی ادائیگی تک ایسا کرنے سے انکار کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں