تبلیغی جماعت کے اراکین کو ان کے مراکز تک محدود رکھا جائے، آئی جی سندھ

اپ ڈیٹ 31 مارچ 2020
حیدرآباد کی نور مسجد میں تبلیغی جماعت کے 36افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی— فوٹو: عمیر علی
حیدرآباد کی نور مسجد میں تبلیغی جماعت کے 36افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی— فوٹو: عمیر علی

آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے تمام پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبے میں تبلیغی جماعت کے تمام اراکین کو ان کے مراکز تک محدود رکھیں اور ان تمام مراکز کو قرنطینہ سینٹر تصور کیا جائے۔

یہ پیشرفت اس وقت ہوئی جب حیدرآباد کی نور مسجد میں 36 افراد کے کورونا وائرس کے مثبت ٹیسٹ آئے جہاں جماعت کے تقریبا 200 اراکین کو ابتدائی طور پر قرنطینہ کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں مزید 6 کیسز، تعداد 1876ہوگئی، کراچی میں ایک اور مریض انتقال کرگیا

یہ افراد 11 سے 15 مارچ تک لاہور کے قریب منعقدہ ہزاروں افراد پر مشتمل رائیونڈ کے تبلیغی جماعت سے واپس آئے تھے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق رائیونڈ اجتماع میں وائرس کا شکار ہونے والے دو افراد کی پیر کو کراچی میں موت ہوگئی تھی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کیسز کی تعداد بڑھتے جارہے ہیں اور یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگر کووڈ-19 کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے مناسب تیاری نہ کی گئی تو اس میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

نوٹیفکیشن میں پولیس افسران کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ کوئی بھی شخص مراکز کے احاطے میں داخل نہ ہو اور نہ ہی اسے چھوڑے، ہر ضلع کے سپرنٹنڈنٹ (ایس پیز) کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ضلعی کمشنرز (ڈی سی) اور ہیلتھ افسران کے ساتھ تعاون کریں اور مراکز کو راشن اور ضروری اشیا فراہم کریں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: وزیر اعلیٰ پنجاب کا انصاف امداد پیکج کا اعلان

اس سلسلے میں پولیس افسران کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں تبلیغی جماعت کے مراکز کی فہرستیں بنائیں اور اندر موجود لوگوں کو تلاش کریں اور باہر کے تمام ممبروں کا سراغ لگائیں اور ان کا ڈیٹا انسپکٹر جنرل پولیس کے آپریشن روم میں بھیجیں۔

تبلیغی جماعت سے وابستہ کل 830 افراد حیدرآباد کی حدود میں ہیں اور حیدرآباد رینج کے ڈی آئی جی نعیم شیخ نے بتایا کہ ان 830 میں سے 234 افراد کا تعلق حیدرآباد کی نور مسجد سے ہے۔

نور مسجد کراچی میں موجود مرکز کے بعد سندھ میں تبلیغی جماعت کا سب سے بڑا مرکز ہے، جمعہ کے روز 19 سالہ چینی نژاد تبلیغی جماعت کے رکن کا کووڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اس مرکز کو سیل کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کی صحت کو کورونا سے شدید خطرہ، آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت

دریں اثنا اتوار کو رائیونڈ کے تبلیغی مرکز میں اسکریننگ شدہ 35 میں سے 27 تبلیغی جماعت کے اراکین کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ ایک اور رکن کو لیہ میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، لاہور کے ڈپٹی کمشنر دانش افضال نے بتایا کہ مرکز سیل کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ نے تبلیغی جماعت کے 6 اراکین کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد گزشتہ ہفتے دارالحکومت کی یونین کونسل کوٹ ہتھیال کو قرنطینہ بنا دیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں