کورونا وائرس: تھائی لینڈ میں رات کے اوقات کیلئے کرفیو نافذ

اپ ڈیٹ 02 اپريل 2020
ہم نے آزادی پر صحت کو فوقیت دی ہے، تھائی وزیر اعظم — فائل فوٹو / رائٹرز
ہم نے آزادی پر صحت کو فوقیت دی ہے، تھائی وزیر اعظم — فائل فوٹو / رائٹرز

تھائی لینڈ کے وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جمعہ سے رات کے اوقات کے لیے کرفیو نافذ کیا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'رائٹرز' کے مطابق تھائی لینڈ میں کورونا وائرس کے باعث کرفیو رات 10 بجے سے صبح 4 تک غیر معینہ مدت کے لیے نافذ کیا جائے گا۔

تھائی حکومت کی جانب سے یہ قدم مجمع کو روکنے اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ گھروں تک محدود کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

ملک کے وزیر اعظم پرایوتھ چھان اوچھا نے کہا کہ کرفیو سے طبی عملے اور سامان سپلائی کرنے والوں کو رخصت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم نے آزادی پر صحت کو فوقیت دی ہے، ہمیں شاید یہ پہلے کی طرح آرام دہ نہ لگے لیکن ہمیں زندہ رہنے اور سماجی ذمہ داری کی وجہ ایسے گزارا کرنا ہوگا تاکہ ہم اس بحران سے نکل سکیں۔'

یہ بھی پڑھیں: تھائی بادشاہ 20 خواتین کے ساتھ پرتعیش ہوٹل میں آئسولیٹ

ٹیلی ویژن خطاب میں پرایوتھ چھان اوچھا نے کہا کہ وہ یقینی بنائیں گے کہ اس عرصے میں ہسپتالوں کو ان کی ضرورت کی چیزیں فراہم ہوتی رہیں۔

انہوں نے طبی عملے کو نظر نہ آنے والے دشمن کے خلاف ہر اول دستہ قرار دیا۔

تھائی وزیر اعظم نے ملک سے باہر مقیم تمام شہریوں کو 15 اپریل تک واپس نہ آنے کی ہدایت کی تاکہ بیرون ملک سے کورونا وائرس کے کیسز کو روکا جاسکے۔

واضح رہے کہ یکم مارچ سے تھائی لینڈ میں بیرون ملک سے آنے ولاے وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے جس کے بعد ان افراد سے رابطے میں رہنے والے تقریباً 2 ہزار افراد کو قرنطینہ کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: دنیا بھر میں کورونا کے مریض 10 لاکھ کے قریب، ہلاکتیں 47 ہزار متجاوز

گزشتہ ہفتے تھائی لینڈ کی حکومت نے اپنے شہریوں کے علاوہ تمام قومیت کے لوگوں، سفارتکاروں و ان کے اہلخانہ اور کام کا اجازت نامہ رکھنے والے تمام غیر ملکیوں کے لیے سرحدیں بند کردی تھیں۔

یاد رہے کہ دنیا بھر سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے نئے 70 ہزار سے زائد مریض سامنے آنے کے بعد عالمی سطح پر مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 50 ہزار کے قریب پہنچ گئی اور خیال کیا جا رہا ہے کہ 2 اپریل کی شام تک مریضوں کی تعداد ریکارڈ سطح 10 لاکھ سے تجاوز کر جائے گی۔

کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھ کر 47 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں گزشتہ ایک ہفتے سے جہاں کورونا کے نئے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے، وہیں ہلاکتیں بھی تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں