پاکستان کے نامور گلوکار طاہر شاہ نے چند روز قبل اپنا نیا گانا ’فرشتہ‘ ریلیز کیا، جس کا مداحوں کو بےصبری سے انتظار تھا۔

تاہم اس گانے کے سامنے آنے کے بعد مداح مایوس ہوگئے، جس کی پہلی وجہ یہ تھی کہ یہ گانا بہت حد تک طاہر شاہ کے پرانے گانے ’اینجل‘ جیسا ہی تھا بلکہ یوں کہا جائے کہ یہ اس گانے کا اردو ترجمہ تھا اور دوسری وجہ یہ تھی کہ اس گانے کی ویڈیو اینیمیٹڈ تھی اور طاہر شاہ خود اس میں جلوہ گر نہیں ہوئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جہاں مداحوں نے اس گانے کی ریلیز کے بعد اپنی مایوسی کا اظہار کیا وہیں اب طاہر شاہ نے اس گانے کے پیچھے چھپا فلسفہ سب کو بتادیا۔

گلوکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک نوٹ جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے گانے ’فرشتہ‘ کے حوالے سے مداحوں کو بتایا۔

اس نوٹ کے مطابق ’بچے فرشتے جیسے ہوتے ہیں، یہ ہماری زندگی کا لازمی جز ہیں، اگر آج ہم ان کی اچھی تربیت کریں گے تو کل ہمیں انہیں دیکھ کر فخر ہوگا‘۔

مزید پڑھیں: طاہر شاہ کا نیا گانا ’فرشتہ‘ سوشل میڈیا پر وائرل

طاہر شاہ کے مطابق صرف ایک بچہ ہی اس دنیا کی بہتری کی وجہ بن سکتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’ان بچوں کی وجہ سے ہی زندگی اتنی خوبصورت ہے، اس گانے کا مقصد یہ ہے کہ بچے صرف اپنی مسکراہٹ سے دنیا تبدیل کرسکتے ہیں اور امن لاسکتے ہیں‘۔

طاہر شاہ نے یہ بھی بتایا کہ اس گانے کی ہدایات دینے کے ساتھ ساتھ پروڈکشن بھی انہوں نے خود کی، جبکہ اس گانے کے بول بھی انہوں نے ہی لکھے ہیں۔

ان کے مطابق گانے کی کہانی ایک بچے پر مشتمل ہے جو شہزادہ ہے اور اپنے دوست یونیکارن کے ساتھ ایک فینٹسی دنیا میں چلا جاتا ہے، اس دوران اسے ایک تتلی ملتی ہے جو بعد میں ایک خوبصورت پری بن جاتی ہے جس سے اس بچے کو محبت ہوجاتی ہے۔

طاہر شاہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اس ویڈیو میں موجود بچہ ان کے اپنے بچے سے ملتا جلتا ہے اور انہوں نے اس گانے کو اپنے بیٹے کے نام ہی کیا جبکہ ان کے مطابق ’فرشتہ‘ ان کے مداحوں کے لیے ایک تحفہ ہے۔

واضح رہے کہ طاہر شاہ کو شہرت اس وقت ملی جب ان کا گانا ’آئی ٹو آئی‘ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، اس گانے پر جہاں کئی لوگوں نے طاہر شاہ پر تنقید کی وہیں کچھ نے انہیں سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: طاہر شاہ نے دیا مداحوں کو ویلنٹائن پر سرپرائز

طاہر شاہ نے پاکستان کے کئی نامور شوز میں بھی شرکت کی، اپریل 2015 میں ان کا ایک اور گانا ’اینجل‘ بھی ریلیز ہوا، یہ گانا بھی سوشل میڈیا کے ساتھ پاکستان کے علاوہ بولی وڈ میں بھی زیر بحث رہا، اس پر بھی لوگوں نے مثبت اور منفی دونوں رائے دیں۔

طاہر شاہ نے اپنے منفرد گانوں سے صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں شہرت حاصل کی، بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ اور ورن دھون بھی ان کے گانوں کی نقل میں ویڈیوز جاری کر چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں