گیٹز فارما نے فیکٹری کو ملازمین کیلئے ٹیسٹنگ کی سہولت میں تبدیل کردیا

اپ ڈیٹ 23 اپريل 2020
56 ملازمین کو ایف ڈی اے  سے منظور شدہ ٹیسٹنگ کٹس کو استعمال کرنے کی تربیت دی گئی ہے — اے ایف پی:فائل فوٹو
56 ملازمین کو ایف ڈی اے سے منظور شدہ ٹیسٹنگ کٹس کو استعمال کرنے کی تربیت دی گئی ہے — اے ایف پی:فائل فوٹو

کراچی: گیٹز فارما نے اعلان کیا ہے کہ ان کی فیکٹری اور ہیڈ آفس بند رہیں گے کیونکہ ان دونوں کو اپنے ملازمین کے لیے اسکریننگ اور ٹیسٹنگ کی سہولت میں تبدیل کیا جائے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ سینئر منیجرز اور ڈائریکٹرز سمیت 56 ملازمین کو ایف ڈی اے سے منظور شدہ ٹیسٹنگ کٹس کو استعمال کرنے کی تربیت دی گئی ہے۔

یہ توقع کی جارہی ہے کہ 100 فیصد ٹیسٹنگ کی پہلی لہر آج سے پانچ دن میں مکمل ہوجائے گی اور گیٹز فارما کے ہیڈ آفس اور فیکٹری کے احاطے کے تمام ایک ہزار 300 ملازمین کی جانچ کرلی جائے گی۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا کے نئے کیسز سے متاثرین 10ہزار 513 ہوگئے، 2337 افراد صحتیاب

ان کا کہنا تھا کہ جن افراد کا ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آئے گا انہیں اس سہولت میں داخل ہونے اور ڈبلیو ایچ او اور پی آئی سی / ایس کی منظور شدہ فیکٹری اور ہیڈ آفس میں کام کرنے کی اجازت ہوگی تاہم وائرس کی تصدیق ہونے والوں کو تنخواہ کے ساتھ چھٹی پر گھر بھیج دیا جائے گا۔

گیٹز فارما وائرس کے کیسز سے رابطے میں رہنے والوں کا سراغ لگائے گا اور ان کی ٹیسٹنگ کرے گا اور ان ملازمین کو 30 دن بعد دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا اور وہ ٹھیک ہونے کے بعد ہی کام پر واپس آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: چینی کمپنی کی پاکستان میں کووِڈ 19 ویکسین کے کلینکل ٹرائل کی پیشکش

دوسرے مرحلے میں تمام اسٹاف کے اہل خانہ کی ٹیسٹنگ کی جائے گی۔

کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او خالد محمود نے کہا کہ ‘گیٹز فارما جنوبی کوریا کو مثال بناتے ہوئے کام کررہی ہے، جنوبی کوریا نے اپنی ٹیسٹنگ کی صلاحیت میں اضافہ کیا اور اب وہاں کیسز دنیا میں سب سے کم سامنے آرہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے یقین ہے کہ اگر بطور نمونہ اس پر عمل کیا جائے تو ٹیسٹنگ کے لیے ہماری حکومت پر دباؤ کم ہوجائے گا اور ہمارے ملازمین، ان کے اہل خانہ اور معاشرہ محفوظ ہوگا‘۔

تبصرے (0) بند ہیں