نئے نوول کورونا وائرس کے نتیجے میں دنیا بھر میں فضائی ٹریفک اتنا کم ہوگیا ہے کہ کراچی سے لگ بھگ سو گنا کم آبادی والے ایک شہر کا ائیرپورٹ اب دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ بن گیا ہے۔

امریکا کی ریاست الاسکا کا ٹیڈ اسٹیونز اینکرایج انٹرنیشنل ائیرپورٹ گزشتہ دنوں دنیا کا مصروف ترین ائیرپورٹ کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگیا۔

اینکرایج الاسکا کا سب سے بڑا شہر تو ہے مگر اس کی آبادی صرف 3 لاکھ سے بھی کم ہے مگر اس کے ہوائی اڈے میں اس وقت پروازوں کی آمدورفت اٹلانٹا کے ائیرپورٹ سے زیادہ ہے جسے دنیا کا مصروف ترین ائیرپورٹ قرار دیا جاتا ہے۔

فلائٹ راڈار 24 کے مطابق اس شہر کے ہوائی اڈے میں رواں ہفتے 948 طیاروں کی آمدورفت ہوگی جبکہ اس کے مقابلے میں لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ میں یہ تعداد 682 ہے۔

اس کی وجہ بھی یہ ہے کہ فضائی کارگو ان چند شعبوں میں سے ایک ہے جو کورونا وائرس کے نتیجے میں زیادہ متاثر نہیں ہوئے۔

الاسکا کے اس ائیرپورٹ کا دعویٰ ہے کہ وہ دنیا میں فضائی کارگو کا مرکز بن چکا ہے جو کہ صنعتی دنیا سے ساڑھے نو گھنٹے کی پرواز کے فاصلے پر واقع ہے اور اکثر کارگو پروازوں کے 5 بڑے مراکز میں سے ایک ہوتا ہے۔

ائیرپورٹ حکام نے ایک ٹوئٹ میں بتایا ' ہفتے (25 اپریل) کو اے این سی طیاروں کے آپریشنز کے حوالے سے دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈہ بن گیا تھا، اس سے عندازہ ہوتا ہے کہ عالمی سطح پر ایوی ایشن نظام کتنا بدل چکا ہے اور اس سے عالمی معیشت اور کووڈ 19 کی وبا کے خلاف جنگ میں ہمارے کردار کی اہمیت کا اظہار ہوتا ہے'۔

اس ہوائی اڈے کے اہم روٹس مٰں شکاگو، ہانگ کانگ اور لاس اینجلس شامل ہیں، عام طور ہانگ کانگ دنیا کا مصروف ترین کارگو ائیرپورٹ مانا جاتا ہے جبکہ مسافروں کے لیے اٹلانٹا کا ہارٹ فیلڈ جیکسن ائیرپورٹ سب سے زیادہ مصروف ہوتا ہے۔

مگر فضائی پابندیوں کے نتییجے میں مسافروں کی تعداد میں بہت زیادہ کمی آچکی ہے اور اب سامان کی باربرداری کے لیے ہی طیاروں کو اڑایا جارہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں