سندھ میں 253 بچے کورونا وائرس کا شکار

اپ ڈیٹ 02 مئ 2020
مرتضیٰ وہاب—اسکرین شاٹ
مرتضیٰ وہاب—اسکرین شاٹ

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا ہے کہ سندھ میں 10 ماہ کی بچی سمیت 253 بچے کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اب تک سندھ میں 253 ایسے بچے ہیں جن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

انہوں نے کہا ایک نیا رجحان جس کا دیر میں آغاز ہوا ہے وہ خواتین میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہے اور مجھے یہ بتاتے ہوئے دکھ ہوتا ہے کہ اب خواتین میں اس مرض کی تشخیص زیادہ ہورہی ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وبا: سندھ کے کیسز 7 ہزار سے زائد، ملک میں مجموعی متاثرین 18662 ہوگئے

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق گزشتہ دنوں کے اعداد و شمار کو دیکھیں تو خواتین کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اور مجموعی تعداد میں 26 فیصد خواتین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں اور خواتین سے متعلق تفصیلات شیئر کرنے کا مطلب یہ ہے کہ یہ مرض میرے اور آپ کے گھر میں آگیا ہے کیونکہ ہم احتیاط نہیں کر رہے اس کی وجہ سے ہمارے گھر والے، بچے، مائیں، بہن، بیٹیاں متاثر ہورہی ہیں۔

مرتضیٰ وہاب کا عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ نے ہمارا بہت ساتھ دیا ہے، گزشتہ 60 روز بہت مشکل اور تکلیف دہ تھے لیکن آپ کی مدد کی وجہ سے سندھ حکومت اپنی کاوشوں میں بڑی حد تک کامیاب ہوئی۔

ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان اعداد و شمار کے بارے میں سوچیں، یہ گھر آپ کا یا میرا بھی ہوسکتا ہے۔

عوام سے درخواست کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خدا کا واسطہ ہے کہ خود کو آئیسولیٹ کریں اور سماجی فاصلہ یقینی بنائیں تاکہ یہ مرض آپ اپنے گھروں میں نہ لے کر جائیں کیونکہ اگر آپ احتیاط کریں گے تو یہ نہ صرف آپ بلکہ آپ کے گھر والوں، بچوں اور بڑوں کے لیے بہتر ہوگی۔

آخر میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت کا ساتھ دیں اور کورونا وائرس کی وبا سے بچنے کےلیے ایک دوسرے کی مدد کریں۔

خیال رہے کہ اس وقت ملک میں ساڑھے 18 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 421 تک پہنچ چکی ہے۔

ابھی تک کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ اس وقت سب سے زیادہ متاثر صوبہ ہے جہاں مجموعی کیسز کی تعداد 7102 ہوچکی ہے جبکہ اموات 122 ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'سندھ میں لاک ڈاؤن کے باعث عائد پابندیاں رمضان کے آخر تک جاری رہیں گی'

اگر سندھ کی بات کریں تو صوبائی دارالحکومت اور ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی اس وقت سب سے زیادہ متاثر ہے اور اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ صوبے کے مجموعی کیسز کا تقریباً 70 فیصد جبکہ ملک کے کیسز کا چوتھائی حصہ کراچی کے کیسز کا ہے۔

صرف کراچی میں کیسز کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ یہاں اموات کی تعداد بھی 100 سے زیادہ ہے۔

2 مئی کو سامنے آنے والے سندھ کے 427 کیسز میں سے 376 کراچی سے تھے جو اعلیٰ حکام کے لیے باعث تشویش ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Ahmed hafeez May 03, 2020 11:20am
Great newspaper ................