ایک ماہ تک کورونا میں مبتلا رہا، وجاہت رؤف

اپ ڈیٹ 19 جون 2020
فلم ساز نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بیماری سے متعلق آگاہ کیا—فوٹو: انسٹاگرام
فلم ساز نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بیماری سے متعلق آگاہ کیا—فوٹو: انسٹاگرام

کراچی سے لاہور اور چھلاوا جیسی فلمیں بنانے والے فلم ساز وجاہت رؤف نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کم از کم 31 دن تک کورونا میں مبتلا رہے اور 45 دن تک قرنطینہ میں رہے۔

فلم ساز کے علاوہ بھی متعدد شوبز شخصیات کورونا کا شکار بن چکی ہیں، جن میں سے کچھ شخصیات صحت یاب بھی ہوچکی ہیں جب کہ کچھ شخصیات میں کورونا کی علامات انتہائی کم ہونے کی وجہ سے ان کی صحت انتہائی اچھی ہے۔

ملک میں شوبز شخصیات کے علاوہ فیشن، کھیل اور میڈیا سے وابستہ افراد سمیت سیاسی شخصیات بھی کورونا کا شکار ہوچکی ہیں اور کم از کم 90 سیاسی رہنماؤں میں وبا کی تشخیص ہوچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وجاہت رؤف نے اپنی نئی فلم کا اعلان کردیا

فلم ساز وجاہت رؤف نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ کورونا کی بیماری نے ان سے 31 دن تک پیار کیا اور وہ ایک طرفہ پیار تھا اور ساتھ ہی بتایا کہ مذکورہ پیار ان کی زندگی کا سب سے طویل پیار تھا۔

ہدایت کار نے بیماری کو محبت کا نام دیا—اسکرین شاٹ
ہدایت کار نے بیماری کو محبت کا نام دیا—اسکرین شاٹ

ہدایت کار کے مطابق ان میں کورونا کی علامات زیادہ ظاہر نہیں ہوئیں اور وبا کی تشخیص کے بعد انہوں نے خود کو گھر تک محدود کردیا تھا اور وہ کم از کم 45 دن تک ہر کسی سے دور رہے۔

انہوں نے قرنطینہ کے دوران اچھی خدمت اور خیال رکھنے پر اپنی اہلیہ اور بچوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ساتھ ہی فلم ساز نے مداحوں کو پیغام دیا کہ وبا سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، احتیاط کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا کا شکار ہونے والی شوبز شخصیات

وجاہت رؤف نے کورونا کی وبا کے باعث اپنے پیاروں کو کھودینے والے افراد سے بھی ہمدردی کا اظہار کیا۔

ہدایت کار نے بتایا کہ کورونا کی تشخیص کے 31 دن بعد ان کا ٹیسٹ منفی آیا اور وہ وبا سے آزاد ہوئے۔

خیال رہے کہ سینئر اداکارہ روبینہ اشرف، اداکارہ ندا یاسر اور ان کے شوہر اداکار یاسر نواز، گلوکار ابرار الحق اور سلمان احمد، اداکار واسع چوہدری اور کامیڈین و میزبان شفاعت علی سمیت کم از کم شوبز کی ڈیڑھ درجن شخصیات میں کورونا کی تشخیص ہوئی، جن میں سے چند شخصیات اب کورونا کو شکست دے چکی ہیں۔

پاکستان میں گزشتہ ماہ سے کورونا کی وبا میں تیزی دیکھی جا رہی ہے اور 19 جون کی صبح تک ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد جب کہ اموات کی تعداد 3229 تک جا پہنچی تھی۔

کورونا میں تیزی کے بعد حکومت نے تمام صوبوں کے مختلف شہروں کے سب سے متاثرہ علاقوں میں لاک ڈاؤن کو سخت کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

ندا یاسر اور یاسر نواز میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
ندا یاسر اور یاسر نواز میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں